
وزیر اعظم آج ’پردھان منتری جن دھن یوجنا‘ کا افتتاح کریں گے
نئی دہلی (یو این بی): وزیر اعظم نریندر مودی اپنی حکومت کے دیرینہ ’جن دھن‘ منصوبہ کا جمعرات کو قومی راجدھانی میں باضابطہ افتتاح کریں گے۔ اس کا مقصد بینکنگ اور فنانشیل خدمات کو شہری اور دیہی علاقوں میں گھر گھر تک پہنچانا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کل ریاستوں کی راجدھانیوں اور مرکز کے زیر اثر علاقوں اور ملک کے اہم مراکز اور سبھی ضلع صدر دفاتر میں اس منصوبہ کے افتتاح کے لیے تقریب منعقد کیا جائے گا۔ اس منصوبہ کے آغاز کے موقع پر ملک بھر میں اہم مقامات پر تقریباً 76 ایسی تقاریب منعقد ہوں گی، جن میں مرکزی وزراءاور ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ دیگر معزز اشخاص شامل ہوں گے۔
اس منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر بینکوں کی مختلف شاخیں اسی دن دیہی اور شہری علاقوں میں 60 ہزار سے بھی زیادہ کیمپ لگائیں گی۔ افتتاح کے دن ہی تقریباً ایک کروڑ اکاؤنٹس کھولنے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے یومِ آزادی کے موقع پر تاریخی لال قلعہ سے قوم کے نام اپنے خطاب میں اس منصوبہ کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے کچھ ہی دن پہلے اس سلسلے میں سبھی بینک افسروں کو تقریباً 7.25 لاکھ ای میل بھیجے ہیں۔ اس منصوبہ کا مقصد ملک میں سبھی لوگوں کو بینکنگ سہولیات مہیا کرانا اور ہر کنبہ کا ایک بینک اکاؤنٹ کھولنا ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس منصوبہ کی خاص بات یہ ہے کہ سابق میں نشان زد گاؤں کے بجائے اس مرتبہ کنبہ کو مرکز میں رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیہی اور شہری دونوں علاقوں کو اس منصوبہ میں شامل کیا جا رہا ہے جب کہ پہلے صرف دیہی علاقوں کو ہی نشانہ بنایا گیا تھا۔