
ممبئی میں ہماری آمد اور۲۵دن کے قیام نےکئی پارٹیوں کے پچیس سالہ رشتوں کو توڑ دیا:اکبر الدین اویسی

ممبئی : مہاراشٹر اسمبلی انتخاب سے قبل رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی نے ممبئی کے بلواس ہوٹل میں منعقدہ پرہجوم پریس کانفرنس کہا کہ مسلم اکثریتی علاقوں کو حکومت نے ہمیشہ سے ہی نظر انداز کیا ہے یہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اس لئے ان پچھڑے اور پسماندہ مسلمانوں کو انصاف دلانا از حد ضروری ہے ایم آئی ایم اگر اقتدار میں آئی تو حکومت مہاراشٹر کے مقننہ میںکئی اہم بل پاس کرنے پر حکومت کو مجبور کرے گی بم دھماکوں کے الزام میں گرفتار اور جیل میں قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کر نیوالے بے قصورمسلم نوجوانوں کی مقدمات کی فاسٹ ٹریک کورٹ میں پیروی اور انہیں انصاف دلانے کیلئے بھی ہم کوشش کریں گے یہی کوشش ہم نے اندھرا میں کی تھی آج مکہ مسجد بم دھماکوں میں گرفتار مسلم بے قصوروں نوجوانوں کو انصاف ملا اور انہیں معاوضہ بھی دیا گیااتنا ہی نہیں انہیں کردار کی سند بھی دی گئی ریاستی حکومت میں مسلمانوں کیلئے جوبجٹ مختص ہے وہ انتہائی کم ہے اس بجٹ میں اضافہ کر نا اور آبادی کے تناسب سے مسلمانوں کو بجٹ دلانا بے قصورمسلمانوں کو انصاف دلانا ہمارا مقصد ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ اردو میڈیم ، انگلش میڈیم ، مراٹھی اور ہندی میڈیم اسکولوں میں جو اساتذہ کی اسامیاں ہیں اسے پر کیا جائے کیونکہ یہ ادارے اقلیتیوں سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ان اداروں کو حکومت مسلسل نظر اندازکر رہی ہے جس سے تعلیمی نظام میں بہتری پیدا نہیں ہو پارہی ہے ۔ ریاستی حکومت پر سخت الفاظ میں تنقید کر تے ہوئے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ ایک طرف ممبئی بم دھماکہ کے مجرمین کو کو سزا مل گئی لیکن 1992 ء ممبئی فسادات کے مجرمین آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں اگر مہاراشٹر میں ہمارے اراکین اسمبلی منتخب ہوئے تو ہم سری کرشنا کمیشن کی سفارشات کو نافذ کر نے کیلئے پوری کوشش کریں گے سری کرشنا کمیشن میں خاطی سیاسی لیڈران سمیت اہم کارکنان جنہیں آزادگھومنے کیلئے چھوڑ دیا ہے کیا یہ انصاف ہے۔ مسلمانوں کو اس ملک میں دوسرے درجہ کا شہری بنا کر رکھ دیا گیا ہے مسلمان اسی ملک کے شہری ہیں اور وہ سچے محبت وطن ہیں انہیں کسی نریندر مودی کے سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے نریندر مودی کو ابھی یہ بات پتہ چلی ہے نریندرمودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ نریندر مودی نے گجرات کو جلا دیا ، عشرت جہاں سمیت کسی معصوموں کے انکائونٹر انہیں کی سر پرستی اور حکومت میں ہوئے ہیں آج وہ ملک کے وزیر اعظم ہیں لیکن انہوں نے ابھی تک گودھرا سانحہ میں شہیدہونے والوں کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش نہیں کی نہ ہی ان کی مزاج پرسی کی وہاں امریکہ میں جاکر 911 حملوں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں ۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ اگر مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں ہماری پارٹی انتخاب میں اتری ہے تو کسی کا اس میں نقصان ہوگایا نہیں یہ سوچنا ہمارا کام نہیں ہے فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے ہم نے مہاراشٹر میں اپنے امیدواروں کو اتارا ہے مہاراشٹر میں ہماری آمد مبارک ساعت سے کم نہیں ہے کیونکہ ہمارے آتے ہی 25 سالہ پرانہ بی جے پی شیوسینا کا انتخابی اتحاد و مفاہمت ٹوٹ گئی اور یہ مقابلہ کثیر رخی ہوگیا ہے ایسے میں سیکولر ووٹوں کی تقسیم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ اس پر کہ آپ اشتعال انگیزی کو فروغ دیتے ہیں تو اکبر الدین اویسی نے کہا کہ میں کوئی اشتعال انگیزی نہیں کر تا اب تک مجھ پرجو بھی مقدمات درج ہوئے ہیں وہ الزامات پر ہوئے ہیں اور عدالت میں زیر سماعت ہیں ۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ مہاراشٹر میں وقف کی املاک پر ناجائز قبضہ جات اسے آزاد کراکے نئے سرے سے اس کا سروے کرنا بھی ہمارا مقصد ہے اگر ہمارے نمائندے اسمبلی میں آتے ہیں تو وقف کی املاک کے سروے کے بعد ہم ایک وہائٹ پیپر جاری کر نے کا بھی مطالبہ کریں گے انہوں نے کہا کہ وقف کی املاک پر ہی آج پولیس کمشنر آفس ودیگر سرکاری دفاتر ہیں ان دفاتر کو بھی وقف کی املاک سے ہٹانا ضروری ہے۔