شیو سینا کی نظر میں نریندر مودی مسلم حمایتی،پارٹی نے ’’میاں مودی ‘‘کا خطاب دیا

ممبئی: ۹ اکتوبر  شیوسینا نے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کو میاں مودی کا لقب دیا ہےاور کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران جو مودی پاکستان کی جانب سے کی جانے والی فوجی کارروائیوں کو نشانہ بنارہے تھے وہی مودی نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کانگریس کی میاں نیتی اپنا لی ہے۔
شیوسینا کے ترجمان سامنا اخبار میں شائع شدہ خبر کے مطابق نریندر مودی پاکستان کو بھرپور جواب دینے کے لئے جانے جاتے ہیں لیکن اب انہیں بھی مسلم ووٹوں کی فکر ہوگئی ہےاور وہ کانگریسیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے میاں نیتی پرچلنے لگے ہیں۔
عالم تو یہ ہے کہ مودی سرکار میں شامل وزیر پاکستان کے تعلق سے نرم رویہ اختیار کرنے لگے ہیں۔سامنا کے مطابق پاکستان سے آئے ڈاکٹر ناصر اختر کے اعزاز میں جب ایک تقریب نئی دہلی میں منعقد ہوئی تو مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن بھی اس میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے پاکستان کی جانب سے پانچ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر یہ کہا کہ اگر پاکستان گولی برسائے گا تو ہم اس کا جواب پھول برسا کر دیں گے۔
واضح رہے کہ آگرہ میں سارک ممالک کے آرتھوپیڈک ڈاکٹروں کی کانفرنس تھی جس میں سری لنکا،نیپال،برما،بنگلہ دیش وغیرہ کے ساتھ پاکستان سے بھی ڈاکٹروں کی ٹیم آئی تھی جس میں ڈاکٹر میر اختر،ڈاکٹر رئیس الدین،ڈاکٹر اقبال وغیرہ نے شرکت کی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *