صنعت کار سمیع خطیب سپرد خاک،تمام مکاتب کے لوگوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی

ممبئی : عروس البلاد کے نامور تعلیمی ادارے انجمن اسلام کے سابق سربراہ ممبئی کے مشہور صنعت کار میڈلے فارمیسی پرائیویٹ لمیٹدکے چیرمن سمیع خطیب کی آج تمام دوست و احباب ،رشتہ داروں و سوگواروں کے بیچ تدفین عمل میں آئی۔مرحوم گذشتہ رات حرکت قبل بند ہونے کی وجہ سے کوکیلا بین اسپتال میں اس دارفانی سے کوچ کر گئے تھے، وہ کئی روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے ۔وہ ۸۰برس کے تھے۔
میڈلے فارمیسی پرائیویٹ لمیٹدکے چیرمن نے1967میںانتہائی قلیل سرمائے سے اپنی کمپنی شروع کی تھی جو آج مشرق وسطی،یورپ،امریکہ و برطانیہ کے ساتھ سائوتھ افریقہ میں اپنے قدم جمائےہوئے ہے ۔سمیع خطیب سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتے تھے وہ ممبئی کے عظیم ادارے انجمن اسلام کے ساتھ کئی ادروں کے سر براہ بنائے گئے تھے۔جبکہ بچوں کے لئے انہوں نے اسکالرشپ اسکیم بھی شروع کر رکھی تھی۔سمیع خطیب سے قریبی تعلق رکھنے والے صحافی دانش ریاض کے مطابق’’موصوف نرم خو اور انتہائی صاف و شفاف طبیعت کے حامل تھے۔اکثر ملاقاتوں میں یہ تذکرہ کیا کرتے تھے کہ اب میں آخرت کے سفر کی تیاری کر رہا ہوںلہذا آپ لوگ اس کے لئے دعا کیا کریں۔‘‘دانش ریاض کے مطابق’’ جب بھی انہیں کسی ایوارڈکے لئے منتخب کیا جاتا تو وہ کہا کرتے کہ ’’مجھے اب اللہ تعالیٰ سے ایوارڈ لینا ہے دنیا کے ایوارڈ کی اب میرے نزدیک کوئی وقعت نہیں رہ گئی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ علم دوست حلقوں میں سمیع خطیب کو ادب و احترام سے یاد کیا جاتا ہے۔وہ کئی ٹرسٹ کے ذمہ دار ہونے کے ساتھ ہی مختلف اسکول و کالج کے پروجیکٹ میں بھی دلچسپی لیتے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *