
نوجوان نسل آن لائن تجارت کی زمام سنبھال رہی ہے
سوشل میڈیا مینیجر آن لائن برادریوں میں اپنی کمپنیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں.
انٹرنیٹ کے موجودہ دور میں یہ صورتحال ڈرامائی طور پر بدل گئی ہے اور اب کمپنیوں کو ٹوئٹ، فیس بک پوسٹ اور دیگر مواصلات کا جواب دینا پڑتا ہے۔یہ سوالات سماجی ذرائع ابلاغ کے وسائل کے متواتر پھیلتے ہوئے نظام کے توسط سے ان کے پاس آتے رہتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ان تمام چیزوں سے وہ کیسے نپٹتی ہیں؟ اس مرحلہ میں سوشل میڈیا مینیجر کی خدمات کی ضرورت پڑتی ہے۔
نامیاتی مشروبات فروخت کرنے والی ایک نئی اور تیزی سے پھیلتی ہوئی امریکی کمپنی’ آنسٹ ٹی ‘کے سوشل میڈیا مینیجر جارڈن میچل نے بتایا ’’سوشل میڈیا مینیجر ایک ایسا اہم پیشہ ور ہے جو کسی خاص برانڈ کے بارے میں انٹرنیٹ پر آنے والے تمام مراسلات کا جواب دیتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے بتایا ’’جو لوگ وہ کام کرتے ہیں یا جو میں کررہا ہوں وہ اپنی کمپنیوں کی نیک نامی کو بچانے میں سرگرم رہتے ہیں۔ یہاں آنسٹ ٹی میں ہم لوگ گاہکوں کو نہ صرف کیرانہ کے سامان کی خریداری میں شامل کرتے ہیں بلکہ روزمرہ کی زندگی میں بھی ان کے ساتھ شامل ہوجاتے ہیں۔ ‘‘
سماجی میل جول کے ذرائع ابلاغ
گاہکوں کو مشغول کرنے کے لئے جارڈن میچل کو جو کام کرنا پڑتا ہے وہ کھانے پکانے کے بارے میں اشارے، چست درست رہنے کے گربتانے ، تحریک بخش اقوال پوسٹ کرنے ، کسی خاص شے سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور کوئی دوسری ایسی چیز بھی پوسٹ کرنے کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے جس سے گاہک کو اس برانڈ کے طرز حیات کا لطف اٹھانے کا بھی موقع ملے۔‘‘ کام کے دن کا بیشتر حصہ فیس بک اور ٹوئٹر پر گزر جاتا ہے جس کے دوران کچھ اصل متن پوسٹ کرنا پڑتا ہے اور اپنی کمپنی کی مصنوعات اور واقعات کے بارے میں گاہک کے ساتھ بات چیت میں بھی مصروف رہنا پڑتا ہے ۔جیسا کہ انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا ’’ہم لوگوں سے ہر طرح کے سوالات پوچھے جاتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا ’’میں فٹنس تربیت کاروں، بلاگ نویسوں اور ماہرین تغذیہ کو بھی سماجی میل جول کے ذرائع ابلاغ کے ذریعہ مشغول کرنے پر توجہ دیتا ہوں۔ہم لوگ ایسے لوگوں کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں جو اپنے اپنے شعبے میں قائد اور محرک ہیں اور جو ہوسکتا ہے کہ ہمارے برانڈ میں دلچسپی رکھتے ہوں۔ہم لوگ پوری امید کے ساتھ یہ کوشش کرتے ہیں کہ انہیں اپنے اثر میں لیکر’ آنسٹ ٹی ‘کے بارے میں جان پہچان کے دوسرے لوگوں کے ساتھ بات کرنے پر مائل کریں۔‘‘
جارڈن میچل اس طرف اشارہ کرنے میں عجلت سے کام لیتے ہیں کہ سوشل میڈیا کا انتظام صرف ہر منٹ ٹوئٹ کرنے یا انٹرنیٹ پر اپنی مصنوعات کے بارے میں ممکنات پر شورو غل مچانے سے مختلف کام ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہم لوگ گاہکوں اور بلاگ نویسوں کے ساتھ کچھ لو کچھ دو کا تعلق بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی شخص ہماری مصنوعات کے بارے میں تبصرہ لکھنا چاہتا ہے تو ہم اسے ضروری اشیا فراہم کرتے ہیں۔ ہماری یہ خواہش ہوتی ہے کہ ہم اپنے آپ کو زیادہ صحیح ڈھنگ سے پیش کرسکیں۔ اور ہمارے نام کو شامل کرکے جو عوامی بات چیت ہوسکتی ہے اس میں ہم بھی شریک ہوں۔‘‘
سوشل میڈیا بطور کیریئر
مقامی کتب خانوں سے لیکر کثیر قومی کمپنیوں تک تمام تنظیمیں زیادہ تیزی سے بڑھتی ہوئی رفتار کے ساتھ سماجی میل جول کے ذرائع ابلاغ پر مشغول ہورہی ہیں۔ میچل نے بتایا ’’جو تنظیم آنے والے دنوں کا منظر نامہ دیکھ رہی ہے اور سوشل میڈیا کے اثرات کو سمجھتی ہے اور اس سے بھی واقف ہے کہ ان اثرات کے ساتھ اس پر کیا ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں وہ سوشل میڈیا کا انتظام کرنے والے اسٹاف پر پیسے خرچ کرتی ہے۔‘‘انہوں نے مزید اشارہ کیا کہ سوشل میڈیا کے لئے کام کرنے والے پیشہ ور کارکن ایک دوسرے سے رابطہ میں اور کچھ سیکھتے رہتے ہیں۔
ہوسکتا ہے کہ کام سے متعلق دیگر خصوص ضروری باتیں مختلف کمپنیوں میں ایک دوسرے سے مختلف ہوں لیکن کوئی شخص سوشل میڈیا کے انتظام کے لئے کسی عہدہ کی تلاش میں ہے تو اس کے پاس بیچلرس ڈگری کا ہونا لازمی ہے۔میچل نے کہا ’’ویڈیو فوٹو گرافی اور فیس بک اور ٹوئٹر کے تحلیل و تجزیہ کا عمل بھی اہم ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ آپ صرف ان آلات سے واقف نہ ہوں بلکہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں ان کا استعمال بھی کررہے ہوں۔ سوشل میڈیا کا انتظام کار ہونا صرف سوچنے سے کہیں زیادہ ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ سوچیں کہ میں وہاں صرف ٹوئٹ کروں گا اور مجھے اس کے لئے پیسے ملیں گے۔‘‘
اگر آپ سوشل میڈیا مینیجر کی حیثیت سے اپناکیریئر بنانا چاہتے ہیں تو میچل کا مشورہ یہ ہے کہ آپ ایسے برانڈ اور تنظیم کے بارے میں سوچیں جن کو آپ پسند کرتے ہیں اور جن کے کام کرنے کے طریقے کا آپ نے مطالعہ کیا ہے۔انہوں نے سوال کیا ’’کونسی چیز ان کے کام آتی ہے یا کسی کسٹمر یا حمایتی کے طور پر آپ کس چیز سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔یہ سننے میں ہوسکتا ہے کہ سیدھا سادہ لگے ، بے لطف لگے لیکن اپنے آپ کو اس جگہ پر رکھنا اور سچ مچ اس کے بارے میں سوچنا کہ کونسی چیز آپ کو متوجہ کرتی ہے، آپ کے لئے بہت کارآمد ثابت ہوگا‘‘۔ میچل کے لئے اور دیگر کمپنیوں میں ان کے ہم رتبہ بہت سے دوسرے لوگوں کے لئے سماجی میل جول کے ذرائع ابلاغ کا انتظام ایک انتہائی مزیدار پیشہ ہے جس کا مستقبل بہت روشن ہے۔انہوں نے کہا ’’ لوگوں نے اب سماجی میل جول کے ذرائع ابلاغ کی بنیادی باتوں کو اور اس وسیلہ کے معتبر اثرات کو سمجھنا شروع کیا ہے۔ اس وقت پہلے کے مقابلے میں لوگ ایسا سمجھنے لگے ہیں کہ کوئی برانڈ صرف صرفے کا نہیں بلکہ طرز حیات کا معاملہ ہے۔ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جو اب مسلسل پھول پھل رہا ہے۔‘‘