
یو جی سی سے 48 اداروں کو مہارت کی ترقی کے لیے گرانٹ
نئی دہلی:(معیشت نیوز)یونیورسٹی گرانٹ کمیشن نے دین دیال اپادھیائے اسکل سینٹر یوجنا کے تحت 48 اداروں کو تقریبا 175 کروڑ روپے سے زیادہ گرانٹ دیا ہے۔ یو جی سی نے ان اداروں کو سال 2015-16 اور 2016-17 کے لئے یہ گرانٹ دیا ہے۔ ان میں بنارس ہندو یونیورسٹی، کشمیر یونیورسٹی، جامعہ ملیہ یونیورسٹی، مہاتما گاندھی چتر کوٹ گرامودے یونیورسٹی، ہماچل پردیش مرکزی یونیورسٹی، ہریانہ مرکزی یونیورسٹی، رامانوجم کالج، دہلی ساوتری بائی پھولے یونیورسٹی، راجستھان مرکزی یونیورسٹی، سپوراند سنسکرت یونیورسٹی وارانسی شامل ہیں۔ ملک میں کل 643 دین دیال اپادھیائے اسکل سینٹر ہیں۔ یہ گرانٹ فوڈ پروسیسنگ، توانائی، خوردہ، دستکاری، ویب ڈیزائن، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، آٹوموبائل، مواصلات، سیاحت وغیرہ کے شعبے میں مہارت کی ترقی کے لئے دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ حکومت کے میک ان انڈیا پروگرام کے تحت ملک میں مختلف پروگرام چل رہے ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اقلیتی ادارے اس سے ناواقف ہیں۔