کمپنی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ذمہ داریاں
بورڈ آف ڈائریکٹر کا سب سے پہلا کام یہ ہوتا ہے کہ بورڈ میں سے ہی کسی ڈائریکٹر کو چیئرمین منتخب کر لیں
ڈائریکٹر کمپنی کے روح رواں ہوتے ہیں۔ یہی وہ لوگ ہیںجو اپنی بہترین صلاحیتوں سے کمپنی کو فرش سے بام عروج تک پہنچا دیتے ہیں، لیکن بعض اوقات ان کا کوئی ایک فیصلہ کمپنی کو کسی بہت بڑے نقصان سے بھی دو چار کر سکتا ہے۔ چونکہ یہ انتہائی اہم منصب ہے، اس لیے ڈائریکٹر کی تعیناتی نہایت اہمیت کی حامل اور بہت زیادہ احتیاط کا تقاضا کرتی ہے ڈائریکٹر کیسے آتے ہیں؟ کون انہیں ڈائریکٹر بناتا ہے؟ کیا ذمہ داریاں سر انجام دیتے ہیں؟ آئیے! سمجھتے ہیں۔
کمپنی کے سب سے پہلے ڈائریکٹر
کمپنی کے بنانے میں چونکہ کمپنی کے پروموٹرز کا ہاتھ ہوتا ہے اور شروع میں وہی مکمل طور پر کمپنی کو دیکھ رہے ہوتے ہیں، اس لیے پہلے ڈائریکٹرز کی تعیناتی بھی انہی پروموٹرز کے ہاتھوں وجود میں آتی ہے۔ چونکہ ایک کمپنی میں ایک سے زائد ڈائریکٹر ہوتے ہیں۔ اس لیے ان کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کہتے ہیں۔ یہ بورڈ کمپنی کو سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد اپنا کام شروع کر دیتا ہے اور عموماً تین طرح کے کام سر انجام دیتا ہے:
٭چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) کی تعیناتی
بورڈ آف ڈائریکٹر کمپنی کو سرٹیفکیٹ ملنے کے پندرہ دن کے اندر چیف ایگزیکٹو آفیسر کو تعینات کرتا ہے۔ بعض اوقات بورڈ میں سے ہی کسی ڈائریکٹر کو بطور چیف ایگزیکٹو منتخب کر لیا جاتا ہے اور بعض اوقات باہر سے کسی شخص کو بطور چیف ایگزیکٹو لے لیا جاتا ہے، لیکن اس وقت مذکورہ چیف ایگزیکٹو بھی بورڈ کا حصہ ہو گا اور اس کو بھی ڈائریکٹر ہی کہا جائے گا۔ یہ چیف ایگزیکٹو کمپنی کے اندر ہونے والے تمام کاموں کا ذمہ دار ہو گا۔ اس وجہ سے ا س کو Head of operation بھی کہا جاتا ہے۔ پہلا چیف ایگزیکٹو پہلی Annual General Meeting میں ریٹائر ہو گا۔
٭آڈیٹر کا انتخاب
بورڈ آف ڈائریکٹر چونکہ کمپنی کے ممبران (مالکان) کے نمائندے ہوتے ہیں اور ان کی اجازت سے ہی کمپنی کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ اس میں فریقین کے درمیان غلط فہمیاں جنم لے سکتی ہیں، اس لیے قانون نے یہاں آڈٹ کا طریقہ متعارف کروایا کہ ایک تیسرا آدمی (آڈیٹر) کمپنی کے اندر ہونے والے تمام مالی معاملات کو دیکھے گا اور اس پر ایک رپورٹ تیار کرے گا۔ جس کو آڈٹ رپورٹ کہتے ہیں۔ یہ رپورٹ ڈائریکٹر کی کارکردگی کا آئینہ ہو گی۔ چونکہ آڈیٹر کمپنی کے ممبران کا نمائندہ ہوتا ہے تو اصولاً اس کا انتخاب اور تعیناتی ممبران کو ہی کرنی چاہیے اور ممبران ہی کرتے ہیں، لیکن کمپنی بننے کے بعد ساٹھ دن کے اندربورڈ کے پاس بھی سب سے پہلے آڈیٹر کے منتخب کرنے کا اختیار ہوتا ہے۔ اگر ساٹھ دن میں بورڈ نے آڈیٹر کو منتخب کر لیا تو ٹھیک، ورنہ پھر یہ اختیار ممبران کو منتقل ہو جاتا ہے کہ وہی آڈیٹر کو منتخب کریں گے۔ پہلے آڈیٹر کے بعد آنے والا ہر آڈیٹر ممبران ہی منتخب کرتے ہیں۔ بورڈ کے پاس اس کو منتخب کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہو گا۔ صرف پہلے آڈیٹر کے معاملے میں ساٹھ دن کے لیے ان کو اختیار تفویض کیا گیا ہے۔
٭چیئرمین کا چناؤ
بورڈ آف ڈائریکٹر کا ایک کام چیئرمین کا انتخاب کرنا بھی ہے۔ جو نہی بورڈ آف ڈائریکٹر وجود میں آتا ہے تو اس کا سب سے پہلا کام یہی ہوتا ہے کہ بورڈ میں سے ہی کسی ڈائریکٹر کو چیئرمین منتخب کر لیں۔ بورڈ باہمی مشاورت سے اپنے میں سے ہی کسی کو چیئرمین بنا لیتا ہے۔ چیئرمین کا کام میٹنگ کی صدارت کرنا ہوتا ہے، میٹنگ چاہے بورڈ کی ہو یا ممبران کی، اس کی صدارت چیئرمین کے ذمہ ہوتی ہے۔ اس وجہ سے اس کو King of Meeting کہا جاتا ہے۔ کمپنی بننے کے بعد سب سے پہلاچیئرمین پہلیAnnual General Meeting(AGM) میں ریٹائر ہو جاتا ہے اور اس کے بعد آنے والے ہر چیئرمین کا دورانیہ تین سال ہوتا ہے۔ اگر میٹنگ شروع ہونے کے پندرہ منٹ تک چیئرمین کسی وجہ سے میٹنگ میں شریک نہ ہو سکے تو اس میٹنگ کی صدارت بورڈ میں سے کوئی ڈائریکٹر کرے گا اور اگر بورڈ نے بھی صدارت سے انکار کر دیا تو اب کمپنی کے ممبران میں سے کوئی بھی میٹنگ کی صدارت کر سکتا ہے۔
ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں
ڈائریکٹرز چونکہ ممبران کے نمائندے ہوتے ہیں اور ان کے لیے کام کرتے ہیں، اس وجہ سے یہی ہر طرح کے کاموں کے ذمہ دار بھی ہوتے ہیں۔ یہ لوگ ملازمین کا تقرر کرتے ہیں جو کام کرتے ہیں۔ بزنس کی بہتری کے لیے فیصلہ سازی کرتے ہیں۔ ممبران کو مفید مشوروں سے نوازتے ہیں اور ان کی اجازت سے کاروبار میں بہتری لانے کی کوششیں کرتے ہیں۔
ڈائریکٹر کے عہدے کا دورانیہ
جب سالانہ میٹنگ میں بورڈ الیکشن ہو جاتا ہے اور ڈائریکٹر منتخب ہو جاتے ہیں تو عموماً وہ تین سال تک بطور ڈائریکٹر کام کرتے ہیں۔ اس کے بعد پھر نئے ڈائریکٹرز منتخب ہو تے ہیں۔ ہاں تین سال کے عرصے میں ممبران چاہیں تو ان کو ملازمت سے فارغ (Fire) کر سکتے ہیں۔ اس میں اتنی بات ہے کہ کمپنی بنتے وقت جو ڈائریکٹر مقرر ہوتے ہیں وہ پہلی Annual General Meeting میں ریٹائر ہو جاتے ہیں اور اس کے بعد آنے والا ہر بورڈ تین سال تک خدمات سر انجام دیتا ہے۔