مرول بیت المال: غیر سرکاری تنظیموں کو متحد کرنے کے لئے سرگرداں

مرکز برائے میڈیکل انفارمیشن،ادویہ کی خریداری کے لئے مرکزکا قیام ،مسلم علاقوں میں مزید چھوٹے طبی ادارے کا قیام ،طبی شعبہ میں اپنی خدمات دینے والے اداروں کے لئے قانونی تحفظ اور طبی شعبہ کی غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان تعاون پر اتفاق

Baitul Maal

ممبئی : (معیشت نیوز)ممبئی اور مہاراشٹر میں طبی شعبہ میں کام کرنے والی غیر سرکاری ملی تنظیموں کو باہم مربوط کرنے اور صحت عامہ کیلئے مزید بہتر خدمات کے لئے صدر انجمن ڈاکٹر ظہیر قاضی کی صدارت میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں مہاراشٹر اور ممبئی کی پچاس سے زیادہ تنظیموں اور اہم متحرک شخصیات نے شرکت کی جس میںمرکز برائے میڈیکل انفارمیشن،ادویہ کی خریداری کے لئے مرکزکا قیام ،مسلم علاقوں میں مزید چھوٹے طبی ادارے کا قیام ،طبی شعبہ میں اپنی خدمات دینے والے اداروں کے لئے قانونی تحفظ اور طبی شعبہ کی غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان تعاون پر اتفاق ہوا۔ معاشرے میں صحت،تعلیم اور معاشیات کا مسئلہ سب سے پیچیدہ ہے ۔اس سلسلے میں مختلف غیر سرکاری تنظیمیں مسلسل عوامی خدمات میں مصروف ہیں ۔ مسلمانوں کا حال ان تین اہم شعبوں میں زیادہ ہی تشویشناک ہے ۔مختلف ملی تنظیمیں اور شخصیات بھی اس سلسلے میں پیش پیش ہیں لیکن مختلف تنظیمیں فردا فردا جو کام انجام دیتی ہیں اگر وہ باہم متحد ہوجائیں تو اس شعبہ میں عوام کو بہتر خدمات مہیا کی جاسکتی ہیں ۔ممبئی کے مرول میں بھی ایسا ہی ایک ادارہ مرول بیت المال چریٹیبل گروپ آف ڈسپنسری پچھلے بیس برسوں سے طبی شعبہ میں پسماندہ آبادی کو انتہائی کم خرچ میں طبی سہولت مہیا کرارہا ہے ۔اس کے روح رواں (منیجنگ ٹرسٹی ) عبد المطلب شیخ بھیکن نے بتا یا کہ اسے مزید وسعت دینے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک طبی خدمات بہم پہنچانے کے لئے ہم نے یہ میٹنگ بلائی ہے ۔انہوں نے میٹنگ کی غر ض و غایت کو تفصیل سے بیان کرنے کے ساتھ ہی اس شعبہ میں کام کرنے میں آنے والی دشواریوں کا بھی ذکر کیا ساتھ اس کے لئے احتیا طی تدابیر بھی بتائیں ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مشہور ماہر تعلیم مبارک کاپڑی نے کہا کہ کبھی ہم صحت اور تعلیم کے شعبہ میں کبھی امام کی حیثیت رکھتے تھے ۔وہ دور آج بھی واپس آسکتا ہے اگر یہ چھوٹی چھوٹی تنظیمیں کو خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں باہم مل کر کوشش کریں تو یقینی وہ دور واپس آسکتا ہے ۔یہ موقع افرادی جد وجہد کو اجتماعیت میں بدلنے کا ہے ۔اللہ کرے آپ کا یہ جذبہ قائم رہے ۔
مرکز برائے میڈیکل انفارمیشن،ادویہ کی خریداری کے لئے مرکزکا قیام ،مسلم علاقوں میں مزید چھوتے طبی ادارے کا قیام ،طبی شعبہ میں کام میں کرنے والے اداروں کے لئے قانونی تحفظ اور طبی شعبہ کی غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان تعاون جیسے اہم معاملات کے لئے باہم صلاح و مشورہ کے لئے ممبئی مرول ناکہ کی جانی مانی سماجی شخصیت عبد المطلب شیخ بھیکن نے انجمن اسلام کے احمد ذکریا ہال میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں پچاس سے زیادہ سماجی خدمت گار اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر مہاڈ کی اہم شخصیت مفتی رفیق محمد شفیع پورکر مدنی(صدر انجمن دردمندان تعلیم و ترقی ٹرسٹ مہاڈ)نے کہا کہ خدمت خلق ہماری ذمہ داری ہے ۔ ہم لوگوں کی خدمت کرکے ایک ذمہ داری ادا کررہے ہیں ۔یہ کسی پر احسان نہیں ہے بلکہ اللہ کی رحمت ہے کہ اس نے ہمیں توفیق دی کہ ہم اللہ کے بندوں کی خدمت کے لئے چنا ۔مختلف احادیث کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر آپ اسلام کے نظریہ خدمت خلق کے تحت میدان عمل میں آئیں گے تو آپ کے خلاف پھیلائی جانے والی نفرت کی آگ خود بخود ہی بجھ جائے گی اور جب آپ اس سلسلے میں آگے آئیں گے تو اللہ کی مدد بھی ہو گی۔ہارون موزہ والا (خیر امت ٹرسٹ ) نے کہا کہ ہم صرف انجمنیں اور تنظیمیں کھول کر ہی نہ بیٹھ جائیں بلکہ ہمیں پریشان حال لوگوں تک خود ہی پہنچ کر ان کو تکلیف سے نجات دلانے کی کوشش کرنی چاہئے یہ ہمارا دینی تقاضہ ہے ۔مزید یہ کہ مسلمان کا کوئی کام کسی کی خوشنودی یا دنیاوی فائدے کے لئے نہیں بلکہ اللہ کی رضا اور آخرت کی کامیابی کے لئے ہوتا ہے ۔طبی شعبہ کی تنظیموں کی مرکزی فیڈریشن کے لئے ہارون موزہ والا نے خیر امت کی جگہ کی پیشکش کی جسے حاضرین نے قبول کرلیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *