سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں مملکت بھر میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران بارہ ٹن حشیش (بھنگ) برآمد کر لی ہے اور منشیات کے دھندے میں ملوّث ہونے کے الزام میں ایک ہزار تین سو سے زیادہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی سکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد ہلاک اور تیس سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔ان مرنے والوں میں منشیات کے دو مشتبہ اسمگلر اور ایک سکیورٹی افسر تھا۔سماج دشمن عناصر کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پچیس سکیورٹی افسر زخمی ہوئے تھے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق منشیات کے دھندے میں ملوّث ہونے کے الزام میں گرفتار کیے گئے 1309 افراد میں 453 سعودی اور 856 پینتیس مختلف ممالک کے شہری ہیں۔ان پر منشیات کی اسمگلنگ اور اس کے اجزاء کی خرید وفروخت کا الزام ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی سکیورٹی فورسز نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 700 سے زیادہ ہتھیار ، نشہ آورممنوعہ دوا ایمفیٹامائن کی ایک کروڑ دس لاکھ سے زیادہ گولیاں اور کیپسول ،بارہ ٹن سے زیادہ حشیش اور تیرہ کلوگرام خام ہیروئن برآمد کی ہے۔