اوورسیز کاروباریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست

ای مائیگریٹ سسٹم کے خلاف اوورسیز (مین پاور) کا کاروبار کرنے والے احتجاج کرتے ہوئے(فائل فوٹو؛معیشت)
ای مائیگریٹ سسٹم کے خلاف اوورسیز (مین پاور) کا کاروبار کرنے والے احتجاج کرتے ہوئے(فائل فوٹو؛معیشت)

نمائندہ خصوصی معیشت ڈاٹ اِن
ممبئی: (معیشت نیوز)ای مائیگریٹ سسٹم اوورسیز (مین پاور)کا کاروبار کرنے والوں کے لیے مسلسل پریشانیاں کھڑا کرتا جارہاہے۔تکنیکی خرابیوں کی شکایت کے باوجود جب ٹاٹا کنسلٹنسی نے مذکورہ سسٹم کو ٹھیک نہیں کیا تو اب منسٹری آف اوورسیز انڈین افیئرس نے ریکروٹمنٹ ایجنٹوں کے نام ہی ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دہلی کےجوائنٹ کمشنرآف پولس سائبر کرائم سیل سے کی ہے۔
مذکورہ درخواست کی کاپی معیشت ڈاٹ اِن کے پاس بھی موجود ہے جس میں جوائنٹ پولس کمشنر سائبر کرائم سیل کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ ’’جن لوگوں نےhttps://emigrate.gov.in کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے اور ویب برائوزر پر جا کر مذکورہ سسٹم کے خلاف کارروائی کی ہے ان کے خلاف معاملہ درج کیا جائے‘‘۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی کے ساتھ مذکورہ وزارت نے ہندوستان بھر کے بیشتر ریکروٹمنٹ ایجنٹوں کا نام بھی منسلک کیا ہے۔جس کی وجہ سے بیشتر ریکروٹمنٹ ایجنٹ پریشان نظر آرہے ہیں۔البتہ انہوں نے اس سلسلے میں قانونی لڑائی لڑنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔
انڈین پرسنل ایکسپورٹ پروموشن کائونسل کے ذمہ دار کے مطابق’’ای مائیگریٹ سسٹم کی ویب سائٹ تمام لوگوں کے لیے کھلی رہتی تھی جو چاہتا تھا وہاں وزٹ کرتا تھا،لیکن اچانک انہوں نے یہ کہہ کر کہ ان کی سائٹ کو کسی نے ہیک کر لیا ہے تمام ریکروٹمنٹ ایجنٹوں کے خلاف شکایت کی ہے ۔حالانکہ معاملہ یہ ہے کہ ای مائیگریٹ سسٹم کے خلاف ہم تمام لوگ کئی ماہ سے لڑائی لڑ رہے ہیں ،جس میں ہمیں کامیابی ملنے کی امید بھی ہے کیوںکہ ہماری جانب سے کوئی جرم نہیں ہوا ہے کہ ہمیں کسی طرح کی پشیمانی میں مبتلا ہونا پڑے۔ البتہ ٹاٹا کنسلٹنسی نے اتنا خراب سسٹم بنایا ہے کہ اس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیاں ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ریکروٹمنٹ ایجنٹوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے سائٹ ہیک کی ہے یا مذکورہ سسٹم کا غلط استعمال کیا ہے تو حکومت و انتظامیہ کو چاہیے کہ ان کے خلاف کارروائی کرے لیکن ہندوستان کےبیشتر ایجنٹوں کے خلاف شکایت درج کرانےکی درخواست کرکےوزارت نے اس بات کا احساس کر ادیا ہے کہ ان کی نیت کچھ اور ہے۔
واضح رہے کہ ای مائیگریٹ کے خلاف مسلسل شکایتیں موصول ہوتی رہی ہیں ،جبکہ ٹاٹاکنسلٹنسی کے خلاف ریکروٹمنٹ ایجنٹوں نے وزارت سے بیشتر مرتبہ شکایت بھی کی ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ ان شکایتوں پر کبھی توجہ نہیں دی گئی ہے۔
موجودہ معاملےکا حوالہ دیتے ہوئے ریکروٹمنٹ ایجنٹوں کا کہنا ہے کہ ’’جب سے ٹاٹا کنسلٹنسی کے ذریعہ ای مائیگریٹ سسٹم کا آغاز ہوا ہے اسی وقت سے پریشانیاں شروع ہوگئی ہیں۔ گذشتہ آٹھ دس ماہ سے لوگ اس سلسلے میں مختلف شکایتیں کر رہے ہیں اوراپنی پریشانیاں بیان کر رہے ہیں لیکن مذکورہ وزارت پورے معاملے پر کان نہیں دھر رہی ہے۔‘‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *