جامعۃ الفلاح میں اجلاس عام کی تیاریاں زوروں پر

کثیر تعداد میں فلاحیوں کی شرکت متوقع
نمائندہ خصوصی معیشت ڈاٹ اِن
اعظم گڈھ (معیشت نیوز) :عالمی شہرت یافتہ ادارہ جامعۃ الفلاح میں انجمن طلبہ قدیم کانواں اجلاس عام30، 31 اکتوبر ویکم نومبر کو منعقد ہونے جارہا ہے جس کی تیارں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔مذکورہ اجلاس میںجہاں ملک و بیرون ملک میں مقیم فارغین جامعہ (فلاحی حضرات)حصہ لیں گے وہیں کثیر تعداد میں بیرونی مہمانوں کی بھی شرکت متوقع ہے۔ تین روزہ اجلاس میں تعارفی سیشن کے ساتھ ساتھ ، دعوتی،صحافتی ، ادبی اور تعلیمی سیشن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ ہر میدان سے متعلق نمایاں خدمات انجام دینے والے فلاحی (فارغین) اظہار خیال کریں۔

واضح رہے کہ اس اجلاس کے اہم حصہ کے طور پر نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں فلاحیوں کے ذریعہ انجام پانے والی علمی ، ادبی، صحافتی اور فنون لطیفہ سے متعلق تخلیقات کوپیش کیا جائے گا۔ نمائش کمیٹی کے کنوینر نعیم احمد غازی فلاحی نے گذشتہ روز ہی جامعہ کا دورہ کیا اور تیاروں کا جائزہ لیا ہے۔نعیم غازی فلاحی کے مطابق’’تیاریاں اپنے شباب پر ہیں،لوگ دل و جان سے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ مذکورہ اجلاس تاریخی اجلاس ثابت ہوگا۔‘‘نعیم غازی کے مطابق’’ نمائش کے ذریعہ ہم فلاحی برادارن کی منتشر خدمات کو جمع کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس بات کا اندازہ لگایا جاسکے کہ ہمارے فارغین نے ملک و ملت کی تعمیر میں کس طرح کا کردار ادا کیا ہے‘‘۔
انجمن طلبہ قدیم کےقومی صدر رضوان احمد رفیقی فلاحی بھی زور و شور سے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ہمہ وقت مصروف ہیں ۔ پروگرام کی کامیابی اور صد فیصد لوگوں کی حاضری کے لیے جہاں انہوں نے پورے ملک کا دورہ کرکے فلاحیوں سے ملاقاتیں کی ہیں وہیں ان کا کہنا ہے کہ یہ ہمارا نواں اجلاس ہے اور اس طرح کے پروگرام کے ذریعہ ہم ایک طرف جہاں فارغین جامعہ کی مختلف میدانوں میں خدمات کا اعتراف کرناچاہتے ہیںوہیں دنیا کو روشناس کرانا بھی چاہتے ہیں کہ مادر علمی سے جو تخم نکلا ہے وہ کس کس کھیت میں تخم ریزی کر رہا ہے۔اسی کے ساتھ اس طرح کے پروگرام کے ذریعہ فلاحیوں کی وابستگی بھی محسوس کی جاتی ہے جبکہ اجلاس اس کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔