
سعودی پیٹروکیمیکل گروپ کے خالص منافع میں مسلسل کمی
ریاض ۔(ایجنسی) سعودی پیٹروکیمیکل گروپ ’’سعودی بیسک انڈسٹریز کارپ‘‘کے خالص منافع میں لگاتار پانچویں سہ ماہی کے دوران بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن کے خالص منافع میں رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں کمی ہوئی اور جولائی سے اگست کے دوران منافع 9.4 فیصد کمی سے 5.6 ارب ریال ہوا تاہم تیسری سہ ماہی کے دوران منافع تجزیہ کاروں کی پیشگوئی سے زائد رہا، ماہرین نے جولائی سے ستمبر کے دوران 4.7 ارب ریال منافع حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن نے رواں سال کے پہلے 9ماہ کے دوران اخراجات میں 22 فیصد کمی کی جس سے تیسری سہ ماہی میں سیلز میں ہونے والی 22 فیصد کمی کے اثرات کو زائل کرنے میں مدد ملی۔ رپورٹ کے مطابق سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن کی رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران سیلز کا حجم 37.3ارب ریال رہا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ سیلز 48.7 ارب ریال کی سطح پر ریکارڈ کی گئی تھیں۔