آندھرا پردیش میں ڈپٹی کمشنر گرفتار، ۸۰۰؍کروڑ کی جائداد ملی
گرفتاری کے بعد جب بیورو کی ٹیم نے آئی اے ایس افسر کے گھر اور دیگر ٹھکانوں پر چھاپے کی کارروائی شروع کی تو حکام کے ہوش اڑ گئے
گودواری:(ایجنسی)آندھرا پردیش کے گوداوری میں نقل و حمل محکمہ کے ایک رینیو ڈپٹی کمشنر کو زیادہ جائیداد کے معاملے میں گرفتار کر لیا گیا۔اینٹی کرپشن بیورو نے مذکورہ افسر کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار کر ۸۰۰؍کروڑ روپے کی جائیداد بھی برآمد کی ہے۔ملزم آئی اے ایس آندھرا کے مشرقی گوداوری میں نقل و حمل محکمہ کے ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر تعینات آئی اے ایس افسراے موہن کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو نے شکایت درج کی تھی۔معاملہ آمدنی سے زیادہ جائیداد کا تھا،پختہ ثبوت ملتے ہی ملزم افسر کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتاری کے بعد جب بیورو کی ٹیم نے آئی اے ایس افسر کے گھر اور دیگر ٹھکانوں پر چھاپے کی کارروائی شروع کی تو حکام کے ہوش اڑ گئے۔حکام کو کروڑوں روپے کی جائیداد کا پتہ چلا۔
جمعہ کی دیر رات تک وجے واڑہ، اننت پور، کڈپا، بلاری، میڈک، نیلور، پرکاشم اور حیدرآباد کے بعض مقامات پر چھاپے کی کارروائی کی گئی۔ٹیم کی قیادت کر رہی اینٹی کرپشن بیورو کی تفتیشی یونٹ کی ڈی ایس پی اے رامادیوی نے بتایا کہ جمعرات کی صبح تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک میں واقع آئی اے ایس افسر اے موہن کے گھر سمیت۹؍ ٹھکانوں پر چھاپہ ماری شروع کی گئی تھی،اب ان کے بہت سے بینکوں کی تجوری کھولے جانے ہیں۔
ملزم افسر اے موہن کو گرفتار کرکے خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔بتایا جا رہا ہے کہ ملزم افسر نے کالے دھن کو سفید کرنے کے لئے قریب آٹھ کمپنیاں شروع کی تھیں۔ڈی ایس پی رامادیوی نے بتایا کہ دستاویزات پر دئے گئے پتے پر کمپنیاں موجود نہیں ہیں۔
موہن نے حال ہی میں اپنی کچھ جائیداد اپنے ساس سسر کے نام کی تھی۔ڈی ایس پی کے مطابق چھاپے کی کارروائی کے لئے موہن کے گھر پہنچی ٹیم کو پہلے انہوں نے اپنے گھر میں گھسنے نہیں دیا تھا،بعد میں سیکورٹی فورس کے جوانوں کو بلائے جانے پر وہ راستے سے ہٹ گئے،ان کے گھر سے بھاری مقدار میں زیورات، ہیرے اور چاندی سونے کے برتن بھی برآمد ہوئے ہیں۔
اس خبر کے عام ہوتے ہی سماجی سطح پر یہ گفتگو ہونے لگی ہے کہ سول سویز جوائن کرنے والے لوگوں سے بھی ان کی جائداد کا بیورا شروع میں ہی مانگا جائے تاکہ ملک کو بد عنوانی سے بچایا جاسکے۔