مالیگائوں بم دھماکہ :بھگوا وادی سادھوی پرگیہ سمیت ۶؍افراد کو ملی کلین چٹ
این آئی اےمرکز کے اشارے پر کام کر رہی ہے: پرشانت بھوشن کا الزام
نئی دہلی: (ایجنسی)این آئی اےنے ۲۰۰۸ء کے مالیگاؤں دھماکوں کے کیس میں بھگواوادی سادھوی پرگیہ سے مکوکا ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایجنسی کی جانب سے جمعہ کو عدالت میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں سادھوی پرگیہ سمیت ۶؍ افراد کو كلن چٹ مل گئی ہے۔ چارج شیٹ کے مطابق بھگواوادی سادھوی پرگیہ کے خلاف مکوکا کا بھی معاملہ نہیں بنتا۔ بتا دیں کہ۲۰۰۸ء کو مالیگاؤں دھماکے میں ۴؍افراد ہلاک ہو گئے تھے اور۷۹؍ افراد زخمی ہوئے تھے۔
اس معاملے پر سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے کہا ہے کہ این آئی اے اور سی بی آئی مرکز کے اشارے پر کام کرتی ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ بھگواذہنیت کے لوگوں کو بچایا جائے۔ وہیں این آئی اے کے ڈی جی سنجیو سنگھ نے اس معاملے پر کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارج شیٹ فائل ہونے کے بعد وہ ایک پریس کانفرنس میں پوری بات رکھیں گے۔ سادھوی پرگیہ کے وکیل سنجیو پنالےكر نے امید ظاہر کی ہے کہ این آئی اے کی جو رپورٹ آ رہی ہے وہ سچ ہو گی اور سادھوی جلد ہی بری ہوں گی۔
۲۹؍ ستمبر ۲۰۰۸ء کو مالیگاؤں میں ہوئے بم دھماکے میں ۴؍ افراد ہلاک ہوئے تھے اور۷۹؍ لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ مہاراشٹر اے ٹی ایس نے تب اپنی تحقیقات کے بعد ہندو تنظیموں سے وابستہ لوگوں کو گرفتار کیا تھا جس میں سادھوی پرگیہ اہم ہیں۔ اس کے علاوہ فوج سے منسلک کرنل پروہت کو بھی اسی الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اے ٹی ایس کے آنجہانی آفیسر ہیمنت کرکرے جب مذکورہ معاملے کی تفتیش کر رہے تھے تو ان پر زبردست دبائو بنایا گیا تھا اور بھگواآتنک وادیوں کو بے نقاب نہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی ۔دبائو کی وجہ سے ہی ایک بار وہ اس وقت کے ریاستی وزیر داخلہ آر آر پاٹل کے سامنے رو پڑے تھے اور مذکورہ دبائو کا اظہار کیا تھا ۔واضح رہے کہ اس معاملے کو منظر عام پر لانے کے بعد ہی ہیمنت کر کرے کا ۲۶/۱۱حملوں کے دوران قتل ہوگیا تھا ۔