تلنگانہ میں مسلمانوں کی معاشی اور تعلیمی صورتحال کیلئے کمیشن کی تشکیل
حیدرآباد : (معیشت نیوز) تلنگانه میں مسلمانوں کی سماجی ، معاشی اور تعلیمی صورتحال کا جائزه لینے کے لیے تشکیل دی گئی کمیشن آف انکوائری فارمسلمس امید ہے کہ ستمبر تک اپنی رپورٹ ریاستی حکو مت کو پیش کر دےگی ۔ گزشتہ روز رنگا ریڈی ضلع کے سرکاری عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کرکے کمیشن نے ریاست کے تمام دس اضلا ع میں اپنے طے شدہ پروگرامس کو تقریباً مکمل کر لیا ۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں ریٹا ئرڈ آئی اے ایس افسرجی سدھیر کی قیادت میں حکومت تلنگانہ نے ایک کمیشن قائم کیا تھا ۔ کمیشن نے ضلع رنگا ریڈی کے کلکٹریٹ میں سرکاری افسران کے ساتھ میٹنگ کی ، جس میں ضلع کلکٹر ایم را گھوندر راؤ سمیت تمام اعلی عہدیدار ن موجود تھے ۔
کمیشن آف انکوئری نے تلنگانہ کے تمام دس اضلاع میں پبلک ہیرینگس کے ساتھ ہی ساتھ سرکاری افسران کے ساتھ اپنی میٹنگیں کی ہیں ۔ اس کے علاوہ کمیشن ریاست کے مسلمانوں کی صورت حال جاننے کے لئے ایک سروے بھی کروا رہا ہے ۔ امید ہے کہ اس سروے کے مکمل ہوتے ہی کمیشن اپنی رپورٹ حکومت کو سونپ دے گا ۔
کمیشن آف انکوئری کے رکن ڈاکٹر امیر الله خان نے واضح کیا کہ اس کمیشن کے قیام کا مقصد تلنگانہ کے مسلمانوں کےلئے صرف ریزرویشن کی ہی سفارش کرنا نہیں ہے ، بلکہ مسلمانوں کی تعلیم ، روزگار اور صحت کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کرنا بھی ہے ۔