جمعیۃ علماءکاعید الاضحی اور گنیش وسرجن پر امن و امان کی اپیل

حکومت فرقہ پرستوں کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔ مولانا ندیم صدیقی
ممبئی:( پریس ریلیز )اس مرتبہ عید الاضحی اور گنیش وسرجن کا تہوار ایک ساتھ آنے کے پیش نظر ریاست میں امن و امان کی صورت حال کی بر قراری کے لئے جمعیۃ علماء نے ریاست کے تمام لوگوں سے تعاون کی اپیل کی ہے ۔آج مدرسہ تعلیم القرآن کینا مارکیٹ دیو نار گوونڈی میں جمعیۃ علماء ممبئی ،تھانہ، پالگھر کے ذمہ داروں پرمشتمل منعقدہ مشا ورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ندیم صدیقی ( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) نے کہا کہ فرقہ پرست مکمل طور سے تاک میں ہیں کہ اس تہوار کے موقع پر ریاست کے امن و امان کو ثبو تاز کر سکیں۔
گئو رکشا کے نام پر قر بانی کے جانوروں کی گاڑیوں کوروکنے کے واقعات ابھی سے رو نما ہونے لگے ہیں اس کے علاوہ گنیش وسرجن کے مو قع پر ہندو بھائیوں کو ور غلانے کی بھی کوششیں ہونے لگی ہیں ایسے موقع پر ہم مسلمانوں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ شر پسندوں کی شر پسندی کا ہم شکار نہ ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صو رت حال کی بر قراری کے لئے ہم حکومت و انتظامیہ سے بھی در خواست کرتے ہیںکہ وہ فرقہ پرستوں پر لگام لگا کر ہندئوں اور مسلمانوں کو اپنے اپنے تہوار،پر امن طریقے سے منانے کا مو قع دیں ۔ مولانا ندیم صدیقی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ عید قرباں کے موقع پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں ،گوشت لانے لیجانے میں احتیاط برتیں اور کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے براد ران وطن کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچے ۔
مولانا مفتی سید محمد حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی کہ ریاست میں جن جانوروں کے ذبیحہ پر پابندی عائد ہے اس کو چھوڑ کر دوسروں جانوروں مثلا بکروں ،بھینسوں اور پاڑوں کی قربا نی دیں انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان یوں بھی پابندی کی پاسداری کرتے ہیں مگر فرقہ پرست گائے ذبیحہ کی بنیاد پر فرقہ پرستی اور شر انگیزی کرتے ہیں اس لئے اس بار ہمیں بہت محتاط رہنا ہوگا۔
اجلاس میں تمام ارکان کے باہم مشورہ ے یہ طے کیا گیا کہ دونوں تہوار ایک ساتھ آنے کی وجہ سے لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال کی بر قراری کیلئے ہم پولیس و انتظامیہ کو مکمل طور پر تعاون دینے کے لئے تیار ہیں ،ہم پولیس کے اعلی آفیسران سے ملا قات کرکے فرقہ فرستوں کی شرپسندی سے آگاہ کریں گے۔ نیز حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دیگر شہروں سے لائے جا نے والے ذبیحہ کے جانوروں کی گاڑیوں کو روکنے والوں پر سخت کاروائی کی جائے تاکہ کسی طرح کا نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
مشاورتی اجلاس کا آغاز مولانا عبد القدوس شاکر حکیمی کی تلاوت کلام پاک اور حافظ ز بیر احمد متعلم مدرسہ تعلیم القرآن کی نعت شریف سے ہوا ۔ مولانا حیات محمد قاسمی نے اجلاس کی کاروائی چلاتے ہوئے تعارفی کلمات پیش کیا اور اجلاس کی کاروائی چلائی ۔پھر تمام اراکین نے اپنا اپنا تعارف پیش کیا اس اجلاس میں جمعیۃ علماء ممبئی تھانہ اور پالگھر کے ذمہ داران و اراکین بڑی تعداد میں مو جود تھے۔ مولانا محمد ذاکر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے اجلاس کے انتظامی ذمہ داریوں کو بحسن خوبی انجام دیتے ہوئے شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کیا۔