
سعودی عرب میں ویزا درخواستوں کے لیے نئی فیس نافذ
سعودی عرب میں نئی ویزا فیس کا کل اتوار یعنی نئے ہجری سال سے اطلاق شروع ہوگیا ہے۔
نئی ویزا فیس کا اطلاق تمام سیاحوں ،مذہبی اور کاروباری مقاصد کے لیے آنے والے غیرملکیوں پر ہوگا۔ البتہ سعودی عرب میں پہلی مرتبہ حج یا عمرے کے لیے آنے والوں پر اس فیس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
نئی شرح کے مطابق سعودی عرب میں ایک مرتبہ داخلے (سنگل انٹری) کے لیے ویزا فیس بڑھا کر دو ہزار سعودی ریال کردی گئی ہے۔ چھے ماہ کے لیے ایک سے زیادہ مرتبہ داخلے کی صورت میں فیس تین ہزار ریال ،ایک سال کے لیے پانچ ہزار ریال اور دو سال کے لیے ویزا فیس آٹھ ہزار ریال ہوگی۔ٹرانزٹ فیس تین سو سعودی ریال مقرر کی گئی ہے اور اس کا بھی آج سے اطلاق ہوگیا ہے۔
سعودی حکومت تیل کی معیشت پر انحصار کم کرنے کے لیے پروگرام 2030ء کے تحت مختلف اقتصادی اصلاحات پر عمل پیرا ہے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی کم قیمتوں کے پیش نظرآمدن کے دوسرے ذرائع پیدا کیے جا سکیں