
ڈائشے بینک کے 9000 ملازمین کی ملازمت خطرے میں
فرینک پرٹ، 7 اکتوبر (ایجنسی): ایک تازہ ترین رپورٹ نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ڈائشے بینک (Deutsche Bank) نے جرمنی میں آپریشنز سیکٹر سے منسلک 1000 اور لوگوں کو نکالنے کی بات کہی ہے۔ بینک جرمنی میں کل 4000 لوگوں کی چھنٹنی کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ علاوہ ازیں اگر پوری دنیا کی بات کریں تو یہ اعداد و شمار اور بھی زیادہ ہے۔ یہ بینک دنیا بھر میں اپنے آپریشنز سے جڑے تقریباً 9000 لوگوں کو نکالنے کی تیاری کر رہا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ بینک اتنی بڑی تعداد میں ملازموں کو نکال کر اپنی مالی حالت کو مستحکم کرنے کی کوشش میں ہے۔
اس سال جاری ہوئی ایک رپورٹ میں آئی ایم ایف (انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ) نے اعتراف کیا کہ ڈائشے بینک کی موجودگی والا جرمنی کا مالی بازار عالمی مالی بازار کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ایسا تصور کیا جا رہا ہے کہ ڈائشے بینک دنیا کی اقتصادیات کو مالی بحران کی طرف ڈھکیل سکتا ہے۔ وہیں ڈائشے بینک کے اسٹاکس میں گراوٹ کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔