
تعلیمی ادارے مالی شمولیت سے متعلق لوگوں کو بیدار کریں: جیٹلی
نئی دہلی، 18 (ایجنسی): اکتوبر، مرکزی وزیر خزانہ جناب ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ سرکردہ ادارے خصوصاً تعلیمی ادارے ملک میں مالی شمولیت جیسے معاملات کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے میں ایک اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک بینک کھاتے کے ساتھ ہر گھر کو جوڑنے کے لئے پچھلے ڈھائی سال کے عرصے میں مختلف اقدامات کئے ہیں۔ پی ایم جے ڈی وائی کے تحت جناب جیٹلی نے کہا کہ حکومت 240 ملین بینک کھاتوں کو کھولنے میں کامیاب ہوئی ہے ار اب کچھ دور دراز اور غیر رسائی والے علاقوں کو چھوڑکر ان لوگوں کا بینک کھاتہ ہے جو بینک کے ساتھ جڑنے کی پوزیشن میں ہیں۔ وزیر خزانہ جناب ارون جیٹلی، شری رام کالج آف کامرس کی مالی شمولیت پہل جس کا عنوان تھا ’’ وٹ شالہ‘‘ لانچ کرنے کے بعد اظہار خیال کررہے تے۔ شری رام کالج آف کامرس اور معاشی تعلیم کے شعبے میں قومی راجدھانی میں ایک پہلا تعلیمی ادارہ ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے مدرا یوجنا شروع کی ہے تاکہ چھوٹے تاجروں، کاروباریوں اور نئے صنعت کاروں کو بغیر ضمانت کے بینک سے پیسہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے دوران یعنی16۔2015 میں اس یوجنا کے تحت 12.000 کروڑ روپے کی گنجائش رکھی گئی تھی جو رواں مالی سال یعنی 17۔2016 کے دوران 180000 کروڑ روپے تک بڑھائی گئی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اہم فیض یافتگان میں عورتیں اور معاشرے کے کمزور طبقے شامل ہیں۔