
پیرس میں عالمی معیشت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں ہندوستان کی ستائش
نئی دہلی،18اکتوبر (ایجنسی): پیرس میں واقع آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (او ای سی ڈی) میں بدعنوانی اور عالمی معیشت کے موضوع پر جی-20کے ایک سیمینار کا کل انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار کا انعقاد آج شروع ہونے والی دو روزہ جی-20انسداد بدعنوانی ورکنگ گروپ (اے سی ڈبلیو جی) کی میٹنگ سے قبل کیا گیا۔ ہندوستانی وفد کی قیادت عملہ وتربیت کے محکمہ کے جوائنٹ سکریٹری (بین الاقوامی تعاون) جناب دویش چترویدی کررہے ہیں۔
سیمینار کے پینلسٹوں میں او ای سی ڈی، آئی ایم ایف، عالمی بینک اور ممتاز یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اقتصادیات اور ریسرچ کرنے والی شخصیات شامل تھیں۔ جے اے ایم (جن دھن، آدھار اور موبائل) کے توسط سے فوائد کی راست منتقلی (ڈی بی ٹی) کو پینل میں شامل متعدد شخصیات نے نمایاں کیا اور اس کو ایک ایساعملی تنفیذی وسیلہ قرار دیا جس سے خامیوں اور تاخیر کے ساتھ ساتھ بدعنونی کی سطح میں کمی آئی ہے۔ پینلسٹوں نے اس حقیقت کی ستائش بھی کی کہ تقریباً ایک بلین افراد کا ترقی پذیر ملکوں کے ایسے ہی پروجیکٹوں کی لاگت کے تناسب میں انتہائی کم رقم کے ذریعے احاطہ کیا گیا ہے۔