
ڈیبٹ کارڈ یافتگان ہوشیار رہیں، 30 لاکھ گاہکوں کا ڈیٹا ہوا چوری
نئی دہلی، 20 اکتوبر (ایجنسی): ہندوستانی بینکوں پر اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہوا ہے۔ تقریباً 30 لاکھ بینک کے ڈیبٹ -اے ٹی ایم کارڈ کے ڈیٹا چوری ہو چکے ہیں۔ اس انکشاف سے افسران کے حواس فاختہ ہو گئے ہیں۔ معاملہ اتنا سنگین ہے کہ ایس بی آئی نے اب تک 6 لاکھ لوگوں کے بینک کارڈ کو بلاک کر دیا ہے۔ تقریباً 10 بینکوں نے اس کی شکایت سائبر سیل سے کی ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ دوسرے بینکوں جیسے ایچ ڈی ایف سی، آئی سی آئی سی آئی، یَس بینک، ایکسس بینک سمیت 10 بینکوں کے گاہکوں کے بھی بینک کارڈ کی تفصیلات چوری ہو گئے ہیں۔ ایس بی اائی کے افسران کا کہنا ہے کہ جن 6 لاکھ گاہکوں کے کارڈ بلاک ہو چکے ہیں انھیں نئے کارڈ دیے جائیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہتاچی پیمنٹ سروس میں یہ خامی پیدا ہوئی ہے جو یَس بینک کے اے ٹی ایم نیٹورک کو سنبھالتی ہے۔ معاملہ اس سال جولائی میں سامنے آیا تھا۔ حالانکہ بینک کا کہنا ہے کہ اس کے اے ٹی ایم نیٹورک میں کوئی گڑبڑی نہیں ہے اور تحفظ کے سبھی طریقے اختیار کیے گئے ہیں۔
مہاراشٹر کے سائبر سیل کے آئی جی کا بھی کہنا ہے کہ ان کے پاس کئی بینکوں کی شکایت آئی ہے اور تفتیش کی جا رہی ہے۔ سب سے زیادہ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ اس معاملے میں سب سے زیادہ ڈیفنس کے لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ پولس کو شبہ ہے کہ اس کے تار گزشتہ مہینے ہوئے فرضی کال سنٹر سے بھی جڑ سکتے ہیں۔ سائبر سیل کے آئی جی برجیش سنگھ کا کہنا ہے کہ ایس بی آئی نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔ ہم معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔ کچھ دیگر بینکوں نے بھی ہم سے شکایت کی ہے۔