
حجاج کے لیے آن لائن درخواست کا عمل آسان:مختار عباس نقوی
ریاستی حج کمیٹیوں کے سربراہان کی اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کے ساتھ افتتاحی میٹنگ
ممبئی،(معیشت نیوز): وزارت اقلیتی امور کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور پارلیمانی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ مرکزی حکومت آئندہ حج کے لئے عازمین کی طرف سے آن لائن درخواست کے نظام کو فروغ دے رہی ہے تاکہ شفاف طریقے سے لوگوں کو حج کے سفر کا موقع مل سکے۔حج ہاؤس، ممبئی میں حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستی حج کمیٹیوں کے صدور اور ایگزیکٹو افسران کی میٹنگ کاافتتاح کرتے ہوئے مختارعباس نقوی نے کہا کہ’’ حج 2016 کے دوران تقریبا 45 ہزار843 آن لائن درخواستیں موصول ہوئی تھیں جو کل درخواستوں کا تقریبا 11 فیصد تھا۔ سب سے زیادہ 10ہزار960 آن لائن درخواستیں مہاراشٹر سے حاصل ہوئی تھیں۔ 9ہزار257 آن لائن درخواستیں کیرالہ سے، 5ہزار407 آن لائن درخواستیں اتر پردیش سے، 2983 درخواستیں تلنگانہ سے، 2426 درخواستیں جموں و کشمیر سے، 2425 آن لائن درخواستیں گجرات سے حاصل ہوئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس بار زیادہ سے زیادہ لوگ حج کے لئے آن لائن درخواست دیںجس کے لئے مرکزی حکومت آن لائن درخواست کے عمل کونہایت آسان اورقابل رسائی بنا رہی ہے‘‘۔
حج 2016 میں ملک بھر میں 21 مراکز سے تقریبا 99ہزار903 حاجیوں نے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج کیا اور تقریبا 36 ہزار حاجیوں نے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کی ادائیگی کی،مختارعباس نقوی نے کہا کہ ’’حج 2016 کے دوران حاجیوں کی سہولیات کی نگرانی کے لئے اقلیتی وزارت کے حکام کی ایک ٹیم سعودی عرب بھیجی گئی تھی۔ مرکزی حکومت حج کے سفر کو بہتر سے بہتر بنانے اور حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مہیا کرانے کے لیے پابند عہد ہے۔ ہم نے تمام وزرائے اعلی اور ممبران پارلیمنٹ کو حج سے متعلقہ تجاویز دینے کے لئے گزشتہ ہفتے خط لکھے ہیں‘‘۔
مختار عباس نقوی نے کہا کہ’’ اقلیتی وزارت آئندہ حج کے بہتر انتظام کی تیاری میں ابھی سے ہی مصروف ہو گئی ہے۔ مکہ اور مدینہ میں حج کے دوران حاجیوں کو کسی بھی قسم کی مشکل نہ ہو اس کے لئے حاجیوں کی تربیت کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستوں کی حج کمیٹیوں کو ابھی سے ٹریننگ کیمپوں کی منصوبہ بندی کرنی چاہئے‘‘۔انہوں نے کہا کہ’’ اقلیتی امور کی وزارت حاجیوں کی تربیت کے لئے 10-15 منٹ کی ایک فلم تیار کرے گا جس میں حاجیوں کے لئے سفر حج سے متعلق تمام باتوں کی معلومات ہونگی۔یہ فلم حاجیوں کے لئے ہونے والے ٹریننگ کیمپوں میں بھی دکھائی جائے گی۔ ہماری وزارت اس بات کے لئے کافی اقدامات کر رہی ہے تاکہ گزشتہ حج کی طرح آئندہ حج بھی آسان رہے‘‘۔
مختارعباس نقوی نے کہا کہ ’’گزشتہ حج میں سعودی عرب کی حکومت نے حج کو آسانی سے کرانے میں تعاون کیا۔ ہم نے آئندہ حج کے لئے ملک بھر سے آئی مختلف تجاویز کی بنیاد پر سعودی حکومت اور حج سے متعلق بھارت کی ایجنسیوں سے بات چیت شروع کر دی ہے‘‘۔انھوں نے کہا کہ ریاستی حج کمیٹیاں ریاستوں سے حج پر جانے والے لوگوں کو حج کے سلسلے میں اور سفر کے دوران “کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے” اس کی معلومات دیں تاکہ عازمین کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔
مختار عباس نقوی نے کہا کہ سعودی حکومت کے سیکورٹی قوانین، رہائش اور ٹرانسپورٹیشن کے انتظامات پرسب کو عمل کرنا چاہئے تاکہ حج کے معاملات میں ہندوستانی حاجی بھی سعودی حکومت کو تعاون دے سکیں۔