کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن کے ذریعہ ایک دن میں ریکارڈ 1.08 کروڑ کی فروخت


نئی دہلی، 24 اکتوبر (ایجنسی): کناٹ پلیس واقع کے وی آئی سی (کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن) میں 22 اکتوبر کو 1.08 کروڑ کا سامان فروخت ہوا۔ یہ ایک دن میں سب سے زیادہ فروخت کا ریکارڈ ہے۔ وی کے سکسینہ، کے وی آئی سی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال دو اکتوبر کو 82.5 لاکھ روپے کی ریکارڈ بکری ہوئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 18 اکتوبر کو لدھیانہ میں اپیل کی تھی جس سے کھادی کی فروخت چار گنا بڑھ گئی ہے۔ انھوں نے کھادی کو حمایت دینے کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وی کے سکسینہ نے کھادی پسند کرنے والے لوگوں کو بھی ’سودیشی‘ کو فروغ دینے کے لیے شکریہ کہا ہے۔
مسٹر سکسینہ نے بتایا کہ 22 اکتوبر 2015 کو فروخت محض 27 لاکھ روپے کی تھی جب کہ اس سال یہ چار گنا بڑھ کر 1.08 کروڑ روپے پہنچ گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کھادی کی اچھی مارکیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ زمانہ بدل چکا ہے۔ کھادی کا معیار بھی کافی بڑھ گیا ہے۔ اس کی اہمیت آزادی کے وقت مختلف تھی اور ’کھادی فار نیشن‘ ایک منتر تھا۔ آج ملک بدل گیا ہے اور ’کھادی فار فیشن‘ کا منتر بن گیا ہے۔ واضح رہے کہ لدھیانہ میں وزیر اعظم نے خواتین کے درمیان 500 چرخے بھی تقسیم کیے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *