
حج کرایہ آزادانہ ٹنڈر کے ذریعہ کم کیا جائے: حافظ نوشاد
نئی دہلی 25 اکتوبر (ایجنسی): حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق رکن حافظ نوشاد اعظمی نے آن لائن حج درخواست کے نظم کو فروغ دینے کی حکومت کی کوشش کا خیر مقدم کرتے ہوئے حج کمیٹی کے کوٹے میں اضافے اور بعض مہنگے روٹ کو سستا بنانے کے اقدام پر زوردیا۔
یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آن لائن درخواستیں جہاں اس عمل کو شفاف بنائیں گی وہیں کام میں بھی تیزی آئے گی لیکن اسی کے ساتھ پانچ لاکھ کے قریب موصول ہونے والی درخواستوں کے پیش نظرحج کمیٹی کے کوٹے میں اضافہ بھی ناگزیر ہو گیا ہے، اب ایک لاکھ کاکوٹہ ناکافی ہے لہذا اس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی میں ریاست حج کمیٹیوں کے صدور اور ایگزیکیوٹیو افسران کے اجلاس میں بنارس اور سری نگر سے فی حاجی بالترتیب 85 ہزار اور ایک لاکھ روپے کے کرائے پر بھی غور کیا جانا چاہئے تھاکیونکہ ہندستانی حاجیوں کی کثرت حج کے لئے زندگی بھر کی کمائی جمع کرنے والوں پر مشتمل ہوتی ہے۔