
اے ٹی ایم کو نئے نوٹوں کے لیے از سر نو منظم کرنے میں دو ہفتہ لگے گا: جیٹلی
نئی دہلی، 12 نومبر: نوٹ کو بدلنے سے متعلق ملک بھر میں جاری افرا تفری کے درمیان وزیر مالیات ارون جیٹلی نے آج بینک سربراہوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کی۔ جیٹلی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ نئے نوٹ کو نئی سائز اور ڈیزائن کے سبب اے ٹی ایم مشین کو پہچان کرنے میں دقت ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کے لیے اے ٹی ایم مشینوں کا ’ری کیلیبریشن‘ دوبارہ تیار کرنا ہوگا جس میں دو ہفتہ کا وقت لگے گا۔ وزیر مالیات کے اس بیان سے واضح ہے کہ نئے بڑے نوٹوں کا مشینوں سے مناسب روانی کم از کم دو ہفتہ بعد ہی ہو سکے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس پورے معاملے کی رازداری قائم رکھنی تھی اس لیے ہم یہ کام بڑی تعداد میں پہلے نہیں کروا سکتے تھے۔ جیٹلی نے یہ بھی کہا کہ سوموار کو جن ریاستوں میں ’گرو پرو‘ کی چھٹی نہیں ہے وہاں بینک کھلے رہیں گے۔ انھوں نے اس سوال پر کہ کوئی آدمی چار ہزار روپے کتنی بار بدل سکتا ہے، کہا کہ اس بارے میں سرکار کی کوئی گائیڈ لائن نہیں ہے۔
ملک بھر میں عام لوگوں کو ہو رہی پریشانی کے معاملے پر جیٹلی نے بتایا کہ آج نوٹ بدلی کا تیسرا دن ہے۔ بینکوں میں جو بھیڑ ہے وہ عام کاروباری دنوں کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ ہے لیکن لوگوں کا شکریہ ادا کروں گا کہ وہ مکمل تعاون پیش کر رہے ہیں۔ بینک کے افسران بھی صبح سے لے کر دیر رات تک بہت کام کر رہے ہیں۔