
بین الاقوامی تجارتی میلہ میں 500 اور 1000 کے نوٹ کی دھوم
نئی دہلی، 15 نومبر (ایجنسی): قومی راجدھانی میں سوموار کو شروع ہوئے 36ویں بین الاقوامی تجارتی میلہ نوٹ پر پابندی سے پریشان لوگوں کے لیے راحت کا سامان ثابت ہو رہا ہے۔ میلے میں ملکی اور غیر ملکی کاروباری بغیر کسی جھجک کے 500 اور 1000 کے نوٹ قبول کر رہے ہیں۔ ترکی کے پویلین میں ایک خاتون کاروباری نے کہا کہ ”ہم سبھی نوٹ لے رہے ہیں۔ 500، 1000 اور 2000 سبھی نوٹ۔ لوگ بند ہوئے نوٹ کی پوری قیمت کے سامان خرید سکتے ہیں۔ بس یہی ہے کہ ہم کھلے پیسے واپس نہیں دے سکتے۔“
میانمار کے پویلین میں قیمتی پتھر اور زیور فروخت کر رہے ایک کاروبار نے کہا ”آپ کسی بھی طرح ادائیگی کر سکتے ہیں۔ ہم آن لائن ادائیگی بھی لے رہے ہیں اور نقدی میں بھی۔ نقدی آپ پرانی والی کرنسی میں بھی ادائیگی کر سکتے ہیں۔“ یہ پوچھنے پر کہ ان نوٹوں کو آپ کیسے بدلوائیں گے، کاروباری نے پیشانی پر شکن لائے بغیر کہا کہ اس کے پاس ہندوستانی اکاﺅنٹ ہیں اور وہ نقدی اسی میں جمع کرا دے گا۔ عوام اس سہولت سے کافی خوش نظر آئے۔ ایک شخص نے کہا کہ ”میں اپنے ساتھ نئی اور پرانی دونوں کرنسی لایا تھا۔ اور میں نے دونوں سے سامان خریدے۔ کئی ہندوستانی اور غیر ہندوستانی کاروباری پرانی والی کرنسی لے رہے ہیں۔“