
سائرس نے گروپ کمپنیوں کو زبردست مالی نقصان پہنچا: ٹاٹا سنس
ممبئی، 7 دسمبر (ایجنسی): ٹاٹا سنس نے سائرس مستری کے ان الزامات کو آج پرزور انداز میں خارج کیا کہ کمپنی کا انتظام دیکھنے والے ٹرسٹوں کے نظام میں خامیاں ہیں۔ اپنے سابق چیئرمین مستری پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کمپنی نے کہا ہے کہ ٹاٹا گروپ کے ٹرسٹوں کو جمشید جی ٹاٹا اور ان کے دو بیٹوں کے نجی وصیتوں کے مطابق چلایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی نے مستری پر کمپنیوں کو زبردست مالی نقصان پہنچانے کا الزام بھی لگایا ہے۔ ٹاٹا سنس 100 ارب ڈالر کے ٹاٹا گروپ کی شیئر ہولڈر کمپنی ہے جس کے چیئرمین عہدہ سے مستری کو گزشتہ مہینے اچانک ہٹا دیا گیا تھا۔ ٹاٹا سنس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مستری کے بیانات سے اس صنعتی گھرانے اور ان کی کمپنیوں کو زبردست نقصان ہوا ہے اور ”سبھی شیئر ہولڈروں کو ہزاروں کروڑ روپے کا زبردست مالی خسارہ ہوا ہے۔“ جن کمپنیوں کو نقصان ہوا ہے ان میں وہ کمپنیاں بھی شامل ہیں جن کے چیئرمین مستری ابھی بنے ہوئے ہیں۔ ٹاٹا سنس نے ایک بیان میں کہا ہے ”ٹرسٹوں کا انتظام جمشید جی ٹاٹا، ان کے بیٹے سر دوراب جی ٹاٹا اور رتن ٹاٹا و دیگر بانی ممبران کی نجی وصیتوں سے ہوتا ہے۔ یہ ٹرسٹ ان وصیتوں میں طے مقاصد کے مطابق کام کر رہے ہیں۔“