
بھوپال میں اب آن لائن ملے گی مچھلی
بھوپال، 10 دسمبر (ایجنسی): مدھیہ پردیش کی راجدھانی میں مچھلی کھانے کے شوقین لوگوں کے لیے ایک انتہائی اچھی خبر ہے۔ نئے سال سے انھیں آن لائن آرڈر پر گھر بیٹھے ہی تازہ مچھلی ملنے لگے گی۔ مچھوا فلاح اور فروغ مچھلی کے وزیر انتر سنگھ آریہ کی صدارت میں ہوئی ایک میٹنگ میں بتایا گیا کہ آن لائن آرڈر پر گھر تک مچھلی پہنچانے کے لیے مچھلی ایسو سی ایشن سولر پینل سے چلنے والی فریز والی وین چلانے کے ساتھ ہی نجی علاقوں کی سپلائی ایجنسی سے بھی رابطہ کرنے پر غور کر رہا ہے۔ کامیابی کی صورت میں منصوبہ کی توسیع ریاست کے دوسرے شہروں میں بھی کی جائے گی۔
میٹنگ میں مسٹر آریہ نے کہا کہ ریاست میں زراعت سودمند کاروبار ثابت ہوئی ہے۔ بڑھتے مچھلی پالن نے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا ہے۔ انھوں نے محکمہ کو کسانوں کے پاس دستیاب بنجر زمین پر تالاب بنا کر مچھلی پالن میں تعاون کرنے کی ہدایت بھی دی۔ ریاست کے تالابوں میں اس سال دوگنا مچھلی بیج ڈالا جائے گا جس سے پروڈکشن بھی دوگنا سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔