
ہمسفر ایکسپریس: چائے اور سوپ کی ویڈنگ مشین کے علاوہ بھی کئی سہولیات سے لیس
نئی دہلی، 10 دسمبر (ایجنسی): ریل بجٹ میں اعلان کردہ ہمسفر ایکسپریس کو اب جلد ہی شروع کیا جائے گا۔ پوری طرح سے تھرڈ اے سی کے ڈبوں والی اس ریل گاڑی میں کئی دیگر سہولیات ہوں گی لیکن ان کا کرایہ عام ٹرینوں کے مقابلے میں تھوڑا ہی زیادہ ہوگا۔ مرکزی وزیر ریل سریش پربھو نے یہاں ہم سفر کوچوں کا جائزہ لینے کے بعد کہا ”ہمسفر ریل گاڑیوں کے کرایہ سے متعلق اعلان جلد ہی کیا جائے گا لیکن یہ عام ریل گاڑیوں کے مقابلے میں تھوڑا ہی زیادہ ہوگا۔“ ان ٹرینوں میں کافی، چائے یا سوپ کی ویڈنگ مشینیں لگی ہوں گی۔ اس کے علاوہ ریفریجریٹیڈ اور گرم پینٹری کار ہوگی اور کھادی کی چادر اور کچرا پیٹی جیسی دیگر سہولیات ہوں گی۔
سریش پربھو نے مزید کہا کہ ریل بجٹ میں ہم نے چار طرح کی ریل گاڑیوں کا اعلان کیا تھا۔ ہمسفر شروع ہونے کو ہی ہے، تیجس جلد ہی پیش کیا جائے گا، انتودے بھی تیار ہے اور اُدے بھی جلد ہی تیار ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ پہلا ہمسفر ایکسپریس گورکھپور سے چلایا جائے گا۔ ہمسفر کے ایک کوچ پر خرچ 2.6 کروڑ روپے ہے۔ ان کوچوں میں سی سی ٹی وی کیمرہ، جی پی ایس پر مبنی مسافر جانکاری نظام، آگ اور دھواں پکڑنے کی مشین، موبائل اور لیپ ٹاپ چارجنگ وغیرہ کی سہولیات مہیا ہوں گی۔