
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر اضافہ کا امکان
نئی دہلی، 14 دسمبر (ایجنسی): اس مہینے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی بازار میں کروڈ آئل کی بڑھی قیمتوں کا اثر ہندوستانی تیل کمپنیوں پر بھی ہو رہا ہے۔ 15 دسمبر کو قیمتوں کے تجزیہ میں پٹرولیم کمپنیاں قیمت میں اضافے کا اعلان کر سکتی ہیں۔ بین الاقوامی بازار میں کروڈ آل کی قیمتوں میں گزشتہ ایک مہینے میں 15 فیصد تک کا اضافہ ہو چکا ہے۔ قیاس آرائی ہو رہی ہے کہ جلد ہی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 6 روپے فی لیٹر تک بڑھ سکتے ہیں۔ 2001 کے بعد اوپیک ممالک کے درمیان پہلی مرتبہ کروڈ آئل کا پروڈکشن گھٹانے پر اتفاق ہوا ہے۔ اس سے کروڈ آئل کی قیمتیں مزید بڑھنے کے آثار ہیں۔
15 دسمبر کو تیل کی قیمتوں کا تجزیہ کیا جائے گا۔ اس کے بعد تقریباً 6 روپے فی لیٹر تک قیمتیں بڑھائی جا سکتی ہیں۔ حالانکہ جانکاروں کا ماننا ہے کہ یہ اضافہ دو بار میں کیا جا سکتا ہے تاکہ زیادہ ہنگامہ نہ ہو۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان پٹرولیم کے چیئرمین مکیش سرانا کا ماننا ہے کہ بین الاقوامی بازاروں میں قیمتیں بڑھنے سے ملک میں بھی قیمتیں بڑھیں گی۔ لیکن اس کا بوجھ صارفین پر ایک بار میں نہیں ڈالا جائے گا۔