
ای۔ ٹورسٹ ویزا: غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 63.9 فیصد کا اضافہ
نئی دہلی، 15 دسمبر (ایجنسی): گزشتہ ماہ یعنی نومبر ، 2016 کے دوران ای ۔ٹورسٹ ویزا پر کل 1,36,876 غیر ملکی سیاح ہندوستان آئے جبکہ گزشتہ سال کے اسی ماہ کے دوران 83,501 غیر ملکی سیاح آئے تھے ۔ اس طرح سیاحوں کی آمد میں 63.9 فیصد کا اضافہ ہوا ۔ نومبر ، 2016 کے دوران ای ۔ ٹورسٹ ویزا کی سہولت سے استفادہ کرنے والے ممالک میں برطانیہ لگا تار سب سے زیادہ یعنی 22.3 فیصدسیاحوں کے ساتھ سر فہرست رہا جبکہ امریکہ سے 12.9 فیصد ، وفاقی روس سے 8.7 فیصد سیاح ہندوستان آئے ۔ حکومت ہند کی جانب سے ای ۔ ٹورسٹ ویزا سہولت ہندوستان کے 16 ہوائی اڈوں پرآنے والے 155 ممالک کے سیاحوں کو فراہم کی جاتی ہے ۔
جنوری سے نومبر ، 2016 کے دوران ای۔ ٹورسٹ ویزا پر مجموعی طور پر 9,17,446 سیاح ہندوستان آئے تھے جبکہ گزشتہ سال کی مذکورہ مدت کے دوران 3,41,683 سیاح آئے تھے جو کہ 168.5 فیصد اضافے کا مظہر ہے ۔ سیاحوں کی آمد میں یہ زبردست اضافہ 155 ممالک کے سیاحوں کو ای ۔ ٹورسٹ ویزا کی سہولت کی فراہمی کے باعث ممکن ہوا ہے جبکہ پہلے یہ سہولت محض 113 ممالک کے سیاحوں کو ہی فراہم کرائی جاتی تھی ۔