
سونے کی درآمد میں اپریل-نومبر کے دوران 30.5 فیصد کی کمی
نئی دہلی، 19 دسمبر (ایجنسی): سونے کی درآمد مالی سال 2016-17 کے اپریل-نومبر کے دوران 30.5 فیصد گھٹ کر 15.74 ارب ڈالر رہ گئی ہے۔ اس وجہ سے ملک کے موجودہ اکاﺅنٹ کے خسارہ میں کمی آنے کی امید کی جا رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سونے کی درآمد گزشتہ سال کی یکساں مدت میں 22.64 ارب ڈالر کی رہی تھی۔ وزارت کامرس کے اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں لگاتار دوسرے مہینے سونے کی درآمد 23.24 فیصد بڑھ کر 4.36 ارب ڈالر کی ہو گئی ہے۔ اس بیش قیمتی شے کی درآمد میں اس سال فروری کے بعد سے ستمبر تک گراوٹ دیکھی گئی تھی۔ حالانکہ اکتوبر اور نومبر میں اس کی درآمد میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔
سونے کی درآمد میں اضافہ کا سبب تجارتی خسارہ ہے جو کہ نومبر مہینے میں تقریباً دو سال کی اونچی سطح یعنی 13 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ سال یکساں مہینے کے دوران یہ 10.33 ارب ڈالر تھا۔ ہندوستان دنیا میں سونے کا سب سے بڑا درآمد ملک ہے۔ درآمد خصوصاً صنعت زیورات کی طلب کو پورا کرتا ہے۔ مالی سال 2015-16 میں جاری اکاﺅنٹ کا خسارہ (کیڈ) 22.1 ارب ڈالر کا تھا اور جی ڈی پی کے 1.1 فیصد کے برابر تھا۔