
وزیراعظم کے ہاتھوں کانپور میں ہنرمندی کے پہلے ہندوستانی ادارے کا سنگ بنیاد
نئی دہلی،20 دسمبر (ایجنسی): بھارت کو ہنر مندی کا عالمی دارالحکومت بنانے اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے قابل اور خودکفیل بنانے کے ویژن کے پیش نظر وزیراعظم نریندر مودی نےآج کانپور میں ملک کے پہلے ’’انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسکلس‘‘ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعظم نریندر مودی کو سنگاپور کے اپنے دورے کے دوران انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے دورے کے بعد ایسے ادارے کا خیال پیدا ہواتھا۔ جناب راجیو پرتاپ روڈی کی سربراہی میں ہنر مندی کے فروغ اور صنعتکاری کی وزارت نے سنگاپور کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ساجھیداری میں ملک میں ایسا پہلا ادارہ کھولنے کا فیصلہ کیا، جس میں سنگاپور کے ماڈل پر تربیت فراہم کی جائے گی اور دنیا میں بہترین طریقوں کا اپنایا جائے گا۔ وزارت نے پورے ملک میں ایسے چھ ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اترپردیش کے نوجوانوں کیلئے کوشل پرادرشنی (ہنرمندی کی نمائش) کا بھی افتتاح کیا۔ اس نمائش میں مختلف شعبوں میں پیشہ وارانہ تربیت کے جدید ترین طریقوں کی نمائش کی جارہی ہے اور یہ 19 سے 22 دسمبر تک کانپور کے ریلوے گراؤنڈ پر عوام کیلئے کھلی رہے گی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے نوجوانوں کیلئے پردھان منتری کوشل کیندر (پی ایم کے کے) اور ڈرائیوروں کی تربیت کے اداروں سمیت ہنر مندی کے فروغ کیلئے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔ مختلف صنعتوں کے ساتھ بھی کلیدی ساجھیداری کی گئی ہے جس میں یہ صنعتیں اگلے تین برسوں میں چار لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گی اور انہیں روزگار دیں گی۔
وزیراعظم نے ڈرائیوروں کی تربیت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اس لئے ان کے خوابوں کو پورا کرنے کی خاطر وزارت نے جلد ہی پورے ملک میں ڈرائیوروں کی تربیت کے ایک سو ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این ایس ڈی سی نے اولا کیب کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں۔ اولا کیب کو ایک لاکھ ڈرائیوروں کی ضرورت ہے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم انہیں تربیت یافتہ ڈرائیور فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست میں نیشنل اپرینٹس پروموشن اسکیم کا اعلان کیا تھا جس کے کامیاب نفاذ میں ریاستی حکومت کا بڑا رول ہے۔ پورے ملک میں صرف 23 ہزار پرائیویٹ کمپنیاں ہیں جو اپرنٹس شپ (تربیت) فراہم کرتی ہیں۔ یہ ایم ایس ڈی ای کی کوشش ہی ہے جس سے ریاستی حکومتوں کو صنعتوں میں زیادہ سے زیادہ تربیت فراہم کرنے کیلئے حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ مالی سال 2016-17 میں پورے ملک میں کم از کم پانچ لاکھ اپرنٹس کے اندراج کو یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) کا منصوبہ ہے کہ ملک کے ہر ضلع میں ایک ایک پردھان منتری کوشل کیندر کھولا جائے تاکہ مقامی نوجوانوں کو ہنر مندی کے فروغ کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ آج وزیراعظم مودی نے 31 پی ایم کے کے شروع کرنے کا اعلان کیا۔ پردھان منتری کوشل کیندر ہنر مندی کی تربیت دینے والے جدید ترین مراکز ہیں جن میں ہنر مندی کی تربیت کیلئے جدید دنیاوی ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے۔
ایم ایس ڈی ای کا منصوبہ تربیت یافتہ امیدواروں کی عزت افزائی کرنا بھی ہے، جنہوں نے پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کے تحت تربیت حاصل کی ہے۔ وزیراعظم مودی نے کانپور میں بذات خود سڑک پر خوراک فروخت کرنے والوں، چمڑے کی صنعت کے ورکروں وغیرہ کو سرٹیفکٹ تقسیم کئے ہیں جو حکومت کے تربیتی پروگرام کی صنعت کی حیثیت رکھتے ہیں۔