
حج سے متعلق سہ لسانی ویب سائٹ کا آغاز
نئی دہلی، 20 دسمبر:اقلیتی اُمو رکے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب مختار عباس نقوی نے آج یہاں حج کے امور سے متعلق ایک سہ لسانی ویب سائٹ کا اجراء کیا۔ یہ ویب سائٹ ہے www.haj.gov.in ۔ اس ویب سائٹ پر ہندی، اردو اور انگریزی زبانوں میں مواد دستیاب ہے۔ اقلیتی اُمور کے سکریٹری ، حج اور وقف کے جوائنٹ سکریٹری ، وزارت کے سینئر عہدیدار ، حج کمیٹی آف انڈیا اور این آئی سی کے سینئر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے جناب مختار عباس نقوی نے بتایا کہ اس ویب سائٹ پر حج کیلئے آن لائن درخواست دی جاسکے گی۔ اس کے علاوہ اس ویب سائٹ پر اقلیتی اُمور کی وزارت ، حج محکمے ، حج زیارت ، ضابطے اور حج کیلئے قوانین وغیرہ سے متعلق معلومات بھی ویب سائٹ پر موجود ہوگی۔ اس میں پرائیویٹ ٹورآپریٹروں اور حج کمیٹی آف انڈیا کے بارے میں معلومات کے ساتھ ساتھ حج کے دوران آپ کو کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے اس بارے میں بھی مکمل معلومات موجود ہوگی اور حج کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں وضاحت کرنے والی فلم بھی دکھائی جائے گی۔
اگلے حج کی تیاریوں کاحوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ 2017 کے حج کا اعلان پہلے ہی کردیا گیا ہے اور 2جنوری 2017 سے بھارتی حج کمیٹی درخواستیں وصول کرنا شروع کردے گی۔ اس سلسلے میں جناب نقوی نے آج یہاں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود محمد الساطی کے ساتھ میٹنگ کی اور حج سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ جناب نقوی نے بتایا کہ حج سے متعلق کئی اہم مشورے حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے لئے تمام جدید سہولیات کے ساتھ ہوائی جہازوں کی فراہمی کے بارے میں بھی شہری ہوابازی کی وزارت کے عہدے داروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ویب سائٹ www.haj.gov.in ایک ایسی ویب سائٹ ہے جس پر حج کے بندوبست سے متعلق تمام ضروری معلومات ایک ہی جگہ حاصل ہوسکتے ہیں۔ ویب سائٹ پر حج بندوبست میں شامل مختلف ایجنسیوں کے بارے میں معلومات مرکزی اور ریاستی حج حکام کے رابطوں کے نمبر ، ریاستی حج ہاؤس کا جائے وقوع سے متعلق نقشہ مکہ اور مدینہ وغیرہ میں ٹھہرنے کے مقامات اور ان کے نقشے ، حج کمیٹی آف انڈیا اور جدہ میں بھارتی قونصل خانے کے رابطے سے متعلق معلومات بھی شامل ہوگی۔
آپ کو یاد ہوگا کہ یکم اکتوبر 2016 سے حج سے متعلق معاملات اُمور خارجہ کی وزارت سے اقلیتی اُمور کی وزارت کو منتقل کردیے گئے ہیں۔ اس کے بعد سے ہی حج 2017 کے لئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ حج بیت اللہ کے بندوبست کے عمل کو بہتر بنایا جاسکے اور عازمین اور عازمین حج کیلئے اسے ایک یادگار سفر بنایا جاسکے۔