
وزیر اعظم کے ہاتھوں ممبئی میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد
نئی دہلی، 24 دسمبر (ایجنسی): وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ممبئی میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس میں دو میٹرو لائنیں ، ممبئی ٹرانس ہاربر لنک، ممبئی شہری ٹرانسپورٹ پروجیکٹ مرحلہ III اور دو بلند سڑکیں شامل ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے ممبئی کے ساحل پر بحر ہند میں چھترپتی شیواجی مہاراج میموریل کے لیے جل پوجا کی۔
اس موقع پر ممبئی میں باندرہ کرلا کمپلکس میں ایک بڑے اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جدوجہد کے دوران بھی شیواجی مہاراج بہتر حکمرانی کے علمبردار رہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شیواجی مہاراج ایک کثیر جہت شخصیت کے حامل تھے اور ان کی شخصیت کے متعدد پہلو ہمیں ترغیب دیتے ہیں ۔ ان کی جرأت مندی مشہور ہے لیکن شیواجی مہاراج کے بہت سے مزید ایسے پہلو ہیں جن کے بارے میں ہمیں جاننا چاہیے مثال کے طور پر پانی اور مالیہ سے متعلق ان کی پالیسیاں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شیواجی میموریل کا جل پوجا بہت ہی خاص ہے اور انہیں خوشی ہے کہ انہیں اس کا موقع ملا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ترقی تمام مشکلات کا حل ہے ، یہ آگے بڑھنے کا راستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 125 کروڑ ہندوستانیوں کی طاقت اس ملک میں تبدیلی باعث بنے گی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب سے ہم نے عہدہ سنبھالا ہے بدعنوانی کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے اور 8 نومبر کو ایک تاریخ ساز فیصلہ لیا گیا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ لوگوں کو گمراہ کرنے یہاں تک کہ انہیں دھمکانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن عوام نے بدعنوانی اور کالے دھن کے خلاف لڑائی کی حمایت کی ہے ۔ ہندوستان کے لوگ بدعنوانی اور کالے دھن کو تسلیم نہیں کریں گے ۔