
نتن گڈکری نے ساگر مالا ڈیولپمنٹ کمپنی کا افتتاح کیا
نئی دہلی،26 دسمبر (ایجنسی): جہاز رانی، سڑک نقل وحمل اور شاہراہوں کے وزیر جناب نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ساگر مالا پروگرام کے تحت ایک لاکھ کروڑ روپے کی مالیت کے پروجیکٹس نفاذ اور ترقی کے مختلف مراحل میں ہیں۔ جناب گڈکری آج نئی دہلی میں ساگر مالا ڈیولپمنٹ کمپنی کے افتتاح کیلئے منعقدہ ایک تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ ساگر مالا ڈیولپمنٹ کمپنی (ایس ڈی ایم) کمپنیز ایکٹ-2013 کے تحت تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمپنی کے پاس شروعاتی مجاز سرمایہ ایک ہزار کروڑ روپے ہیں جبکہ کمپنی کے پاس اقراری اصل سرمایہ 90 کروڑ روپے ہیں۔
اس کمپنی کا بنیادی مقصد ساگر مالا پروگرام کے تحت بندرگاہ پر مرکوز ترقیاتی پروجیکٹوں کی شناخت کرنا اور بندرگاہوں، ریاستوں اور مرکزی وزارتوں کے ذریعہ قائم کردہ خصوصی مقاصد کے پروجیکٹوں کو مالی امداد اور امدادی فنڈ فراہم کرنا ہے۔ علاوہ ازیں اس کمپنی
کے ذریعے ان اہم پروجیکٹوں کو بھی مالی امداد فراہم کی جائے گی جن کو کسی اور ذریعہ سے مالی امداد نہیں مل پارہی ہے۔ جولائی 2016 میں کابینہ نے جہاز رانی کی وزارت کے انتظامی کنٹرول کے تحت ساگر مالا ڈیولپمنٹ کمپنی ( ایس ڈی سی) کے قیام کو منظوری دی تھی۔ اس کمپنی سے ڈھانچہ جاتی سرگرمیوں، نجی شعبوں کی شراکت داری کیلئے پروجیکٹوں کی بولی لگانے کے علاوہ متعدد ریاستوں میں اسٹریٹجک پروجیکٹوں کیلئے مناسب حفاظتی اقدامات کی شناخت کرنے میں کافی مدد ملے گی۔ مزید برآں کمپنی ساگرمالا کے تحت تمام موجودہ پروجیکٹوں کی نگرانی اور اشتراک تعاون کیلئے ایک نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کرے گی۔ اس طرح ماسٹر پلان اور دیگر ذرائع سے سامنے آنے والے پروجیکٹوں کیلئے یہ نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کرے گی۔
یہ کمپنی قومی منظر نامہ پلان (این پی پی) کے حصہ کے طور پر شناخت شدہ ساحلی اقتصادی علاقوں (سی ای زیڈ) کیلئے تفصیلی ماسٹر پلان کی تیاری کا کام کرے گی۔ اس طرح یہ کمپنی پروجیکٹوں کی ضروریات کے لحاظ سے قرض حصص (طویل مدتی سرمایہ کے طور پر) کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کا کام کرے گی۔ حکومت ہند اور کثیر جہتی دوطرفہ امدادی ایجنسیوں کے ذریعہ کمپنی کو وسائل اور ذرائع فراہم کرائے جائیں گے۔
ساگر مالا ڈیولپمنٹ کمپنی کی تشکیل حکومت ہند کے بے حد اہم ساگر مالا پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ہوتی ہے جس کا مقصد ہندوستان ساڑھے سات ہزار کلو میٹر طویل ساحلی علاقوں اور ساڑھے چودہ ہزار کلو میٹر طویل اندرون ملک آبی گزر گاہوں کو ترقی دینا اور کلیدی بین الاقوامی بحری تجارتی راستوں کیلئے اسٹریٹجک مقامات کا تعین کرنا ہے۔ ساگر مالا پروگرام کے تصور کو کابینہ نے 2015 میں منظوری دی تھی۔ اس کمپنی کا سی آئی این نمبر : U74999DL2016GOI305194ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب گڈکری نے میڈیا کو ساگر مالا پروگرام کے تحت اب تک کئے گئے کاموں کی جانکاری دی اور انہیں مستقبل کے منصوبے کے بارے میں بتایا۔