
پرنٹنگ پریس ملازمین نے اوور ٹائم سے کیا انکار، کرنسی کی قلت کا امکان
سالبونی (مغربی بنگال)، 28 دسمبر (ایجنسی): مغربی بنگال کے سالبونی میں کرنسی پرنٹنگ پریس کے ملازمین کے ایک گروپ نے افسران کو مطلع کیا ہے کہ وہ آج سے 9 گھنٹے سے زائد کام نہیں کریں گے۔ انڈین ریزرو بینک کرنسی پرنٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (بی آر بی این ایم پی ایل) کے ملازمین ایسو سی ایشن نے افسران کو ایک نوٹس بھیجا ہے کہ 14 دسمبر سے لگاتار اوور ٹائم شفٹ میں کام کرنے کی وجہ سے ان کے کئی لوگ بیمار پڑ گئے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ اور ایسو سی ایشن کے چیئرمین سسر ادھیکاری نے کہا ”میسور اور سالبونی میں کرنسی پرنٹنگ پریس کے کئی ملازمین بیمار پڑ گئے ہیں۔ 14 دسمبر سے سبھی ملازمین کو افسران کے ذریعہ 12 گھنٹے کی شفٹ میں کام کرنے کے لیے مجبور کیا گیا تاکہ نقدی کی کمی پوری کی جا سکے۔“
بہر حال، ملازمین کے آگے سے اوور ٹائم کرنے سے انکار کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کرنسی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دراصل ملازمین کے اوور ٹائم نہ کرنے کے فیصلہ کے بعد بینکوں میں کرنسی اتنی نہیں پہنچ پائے گی جتنی طلب ہے۔ ایسی صورت میں پہلے سے ہی پریشان عوام کے لیے مشکلیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔