انجمن ہاسٹل کی تعمیر کے لیے ممبئی میں جامعۃ الفلاح کے وفود کی آمد

جامعۃ الفلاح کےناظم اعلیٰ حضرت مولانا محمد طاہر مدنی حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے(فوٹو :معیشت)
جامعۃ الفلاح کےناظم اعلیٰ حضرت مولانا محمد طاہر مدنی حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے(فوٹو :معیشت)

بھیونڈی،ممبرا ،کرلا سمیت اہم علاقوں میں معززین کے ساتھ نشستوں کا انعقاد
نمائندہ خصوصی معیشت ڈاٹ اِن
ممبئی(معیشت نیوز) عالمی شہرت یافتہ مدرسہ جامعۃ الفلاح میں انجمن ہاسٹل کی تعمیر زیر غورہے جس کے لیے پورے ملک سے اہل خیر کے تعاون کی ضرورت ہے ۔جامعۃ الفلاح کی انفرادیت ،پانچ منزلہ ہاسٹل کی تعمیر اور دیگر امور کی تفہیم کے لیے ادارے کا ایک وفد جس میں وہاں کےناظم اعلیٰ حضرت مولانا محمد طاہر مدنی بھی شامل ہیں ممبئی و اطراف کے دورے پر ہے جہاں وہ فارغین جامعہ کے ساتھ معاونین جامعہ سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
بھیونڈی ،ممبرا اور کرلا کی نشستوں میں ناظم جامعۃ الفلاح حضرت مولانا محمد طاہر مدنی نے کہا کہ’’جامعۃ الفلاح اپنی انفرادی سوچ و فکر کی وجہ سے آج ملت کی ضرورت ہے۔یہاں کے فارغین داعیانہ کردار کے ساتھ ملت کی رہنمائی کا کام کر رہے ہیں ۔ملک کے مختلف اداروں میں فارغین جامعہ کی خدمات کو سراہا گیا ہے اور ایسے نونہالوں کی ضرورت محسوس کی گئی ہے جو مسلکی تعصب سے پاک مجوعی طور پر ملت کے بارے میں فکر مند ہوں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’الحمد للہ ہماری کوشش یہ ہے کہ ناگفتہ بہ حالات میں ہم ملت کی صحیح طور پر رہنمائی کریں اور مایوسی میں امید کی کرن پیدا کریںلہذا اس صورتحال میں ہمارے یہاں اقامتی ہاسٹل کی ضرورت ہے جہاں طلبہ کے قیام و طعام کا نظم ہو سکے۔ہمارا ممبئی دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے کہ کم از کم اپنے چاہنے والوں سے ملاقات کی جائے اور جامعہ کو پیش آمدہ ضرورتوں سے آگاہ کیا جائے‘‘۔
واضح رہے کہ جامعۃ الفلاح میں انجمن ہاسٹل کی تعمیر کا ذمہ فارغین جامعۃ الفلاح کی تنظیم انجمن طلبہ قدیم نے اپنے ذمہ لیا ہے اورڈاکٹر ملک محمدفیصل فلاحی کو پروجیکٹ کا انچارج بنایاگیا ہے۔پروجیکٹ کی تکمیل پر کل ۱۱ کروڑ کا صرفہ ہے جسے اصحاب خیر کے لیے مختلف انداز میں تقسیم کر دیا گیا ہے تاکہ بآسانی وہ اس پروجیکٹ کا حصہ بن سکیں۔
ڈاکٹرملک محمد فیصل کے مطابق’’اگر کوئی صاحب خیر کسی ایک طالب علم کی کفالت کرنا چاہے تو ایک بیڈ کا خرچ تقریباً پونے دو لاکھ روپئے آرہا ہے وہ اس رقم کو دے کر صدقہ جاریہ میں شامل ہو سکتا ہے اور ایک طالب علم کا ذمہ لے سکتاہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’اگر کوئی گرائونڈ فلور بنانا چاہتا ہو تو اس کا خرچ ۳ کروڑ ہے جبکہ اس کے بعد ہر فلور کا خرچ ۲ کروڑ روپئے ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’پورے پروجیکٹ کو مشہور آرکٹیکچرس نے ڈیزائن کیا ہے اور ایک خوبصورت ہاسٹل کا خاکہ پیش کیا ہے جس میں رنگ بھرنا اب ہمارا کام ہے‘‘۔
فیروس ایجوکیشن فائونڈیشن کے سربراہ مولانا عبد البر اثری نے مذکورہ نشستوں میں جامعۃ الفلاح اور فارغین جامعۃ الفلاح کی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’مختلف یونیورسٹیوں میں وہاں کے فارغین ہی اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ادارے کو گراں قدر فائدہ پہنچایا ہے ۔آکسفورڈ،علی گڈھ وغیرہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ان اداروں میں بڑا کام وہاں کے فارغین نے ہی انجام دیا ہے لہذا اب جبکہ جامعہ کو اس کی ضرورت ہے تو یہ ذمہ داری یہاں کے فارغین کو ادا کرنی چاہئے۔‘‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *