
پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ امن کے مدنظر دوستی کا کیلینڈر شائع کیا
نئی دہلی، 11 جنوری (ایجنسی): ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پشاور میں ایک غیر سرکاری تنظیم نے سال 2017 کے لیے ایک دوستی کا کیلینڈر جاری کیا ہے۔ اس کیلینڈر کے 12 مہینوں کے لیے چھ تصاویر پاکستانی جب کہ چھ تصاویر ہندوستانی بچوں کی شامل کی گئی ہیں، جن میں امن و دوستی کی عکاسی ہوتی ہے۔
آغاز دوستی نامی تنظیم کی طرف سے یہ کیلینڈر تیار کیا گیا، اس تنظیم کی منتظم عالیہ حریر نے کہا کہ امن دونوں ملکوں میں رہنے والوں کی ضرورت ہے۔ ’’اس کا مقصد سال کے 365 دن پاکستان اور ہندوستان کے عوام کے درمیان امن، پیار اور محبت کی فضا قائم کرنا ہے۔‘‘ اُنھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنے والے بچوں کی سوچ بدلنے کی ضرورت ہے تاکہ پائیدار امن کا حصول ممکن ہو سکے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے ہیں اور حالیہ مہینوں میں اس تلخی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ہی ایک دوسرے پر اپنے ہاں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہیں اور اس بارے میں دونوں جانب سے تند و تیز بیانات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ لیکن اس ساری صورت حال کے باوجود پاکستان اور بھارت میں ایسے حلقے بھی موجود ہیں جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان امن کے فروغ کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں اور پشاور میں امن و محبت کے فروغ کے لیے کیلینڈر کا اجرا بھی اُسی سلسلے کی کڑی ہے۔