ہندوستان اور اسرائیل زرعی شعبے میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے تئیں پابند عہد
نئی دہلی۔: زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر جناب رادھاموہن سنگھ نے آج اسرائیل کے زراعت اور دیہی ترقیات کے وزیر جناب اُری ایرئیر کی قیادت والے اسرائیلی وفد کے ساتھ ملاقات کی اور ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان زراعت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے دونوں ملکوں کے ذریعے زراعت اور متعلقہ شعبوں میں باہمی تعاون کی سمت میں اب تک ہوئی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے زراعت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے تئیں اپنی عہد بستگی کا اظہار کیا۔ جس کا اظہار اس حقیقت سے ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں نے باغبانی کے شعبے میں 18-2015 کے لئے کارروائی منصوبے کے تیسرے مرحلے کو حال ہی میں حتمی شکل دی ہے۔ اس پروگرام کے تحت 21 ریاستوں میں متعدد پھلوں اور سبزیوں کی کاشتکاری سے متعلق 27 سینٹر آف ایکسیلنس (امتیازی مراکز) قائم کئے جائیں گے۔ ان میں سے 15 امتیازی مراکز کے قیام کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔
مزید برآں دونوں فریقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملک اپنے تعلقات کو جاری رکھتے ہوئے جہاں حکومت سے حکومت اور تجارت سے تجارت کی سطحوں پر نئے شعبوں میں تعاون کی راہیں کھول سکتے ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید اضافہ ہوسکے۔