یکم اپریل سے جی ایس ٹی نافذ ہو سکتا ہے: ارون جیٹلی

نئی دہلی، 11 جنوری (ایجنسی): مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی نے آج پھر یہ بات کہی کہ مجوزہ گڈس اور سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) سے متعلق زیر التوا مدعے اگر حل ہو جائیں تو مرکزی حکومت اب بھی اس نظام کو آئندہ یکم اپریل کو نافذ کرنا چاہے گی۔ انھوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کو نافذ کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ 16 ستمبر 2017 تک کا وقت ہے۔ اس نئے ٹیکس نظام میں مرکز اور ریاستوں کے زیادہ تر بالواسطہ ٹیکس ضم ہو جائیں گے۔ ان ٹیکسوں میں مرکزی پروڈکٹ ٹیکس، سروس ٹیکس اور ریاستوں کے ویٹ اور فروخت ٹیکس وغیرہ شامل ہیں۔
جیٹلی نے گاندھی نگر میں وائبرینٹ گجرات تقریب کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ باتیں آج کہیں۔ انھوں نے کہا کہ ”جی ایس ٹی کو نافذ کرنے کا ایک مرحلہ طے ہو چکا ہے کیوں کہ آئین ترمیم بل پاس ہو چکا ہے۔ اس لیے یہ آئینی ضرورت ہے کہ 16 ستمبر سے قبل اسے نافذ کر دیا جائے۔“ جی ایس ٹی نافذ کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں پاس اور ریاستوں کے ذریعہ ترمیم شدہ آئین ترمیم بل کے تحت کچھ موجودہ ٹیکسوں کی میعاد اس سال 16 ستمبر کے بعد ختم ہو جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *