جی ایس ٹی کونسل نےتمام امور پر تجاویز کو حتمی شکل دی : وزیر خزانہ

نئی دہلی(ایجنسی) خزانہ اور کارپوریٹ امور کے وزیر ارون جیٹلی نے آج پارلیمنٹ میں سال 2017-18 کے لیے عام بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ معنی خیز اور خوشگوار تبادلۂ خیال کے بعد جی ایس ٹی کونسل نے اتفاق رائے سے تمام مسائل کے تعلق سے تجاویز کو حتمی شکل دے دی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اپنی طرف سے آئینی ترمیمی ایکٹ کے مختلف التزامات بشمول جی ایس ٹی کونسل کے قیام کو حتمی شکل دے دی ہے۔ جی ایس ٹی کونسل نے جی ایس ٹی سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کے لیے نو میٹنگیں کیں۔ ان میں جی ایس ٹی کی شرح کی تیاری، کمپوزیشن اسکیم کے پیمانہ ، جی ایس ٹی کے باعث ریاستوں کو معاوضہ کے تعلق سے تفصیلات اور دیگر مسائل پر تبادلۂ خیال شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے لیے آئی ٹی نظام کی تیاری بھی چل رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے لیے یکم اپریل 2017 سے وسیع پیمانے پر کوشش شروع کی جائے گی۔ تاکہ تجارت اور صنعت کو نئے ٹیکس نظام کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔