بمبئی اسٹاک ایکسچینج میںآکٹاویئر ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے شیئرس کا اندراج

نمائندہ خصوصی روزنامہ معیشت
ممبئی(معیشت نیوز)بمبئی اسٹاک ایکسچینج میں آج آکٹاویئر ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے شیئرس کااندراج عمل میں آیا جہاں ابتدائی شیئرس کی قیمت ۹۰روپئے طے قرار پائی۔بمبئی اسٹاک ایکسچینج کے انٹر نیشنل پروگرام ہال میں اندراج سے قبل تلاوت قرآن پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا اور شاید بمبئی اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع تھا جب پروگرام کے آغاز کے لیے تلاوت کلام پاک کا اہتمام کیا گیا ۔
بی ایس ای ایس ایم ای کے سربراہ اجے ٹھاکر نے حاضرین کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ خوشی کی بات ہے کہ آج ایک ایسی کمپنی کا اندراج ہوا ہے جس سے ایس ایم ای مارکیٹ میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے ۔اسلم خان نے جس محنت و لگن کے ساتھ اپنی کمپنی کو اس مقام تک پہنچایا ہے میں سمجھتا ہوں کہ یقیناً اس سے دوسروں کو بھی فائدہ پہنچے گا‘‘۔
مرچنٹ بینکر شرپل شاہ نے کہا کہ ’’یہ پہلی شریعہ کمپلائنٹ کمپنی ہے جو اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ ہوئی ہے ۔شریعہ کمپلائنٹ کا مطلب یہ ہے کہ یہ تمام طرح کی غیر اخلاقی حرکتوں سے پاک صاف وشفاف طریقے سے کام کرنے والی کمپنی ہے۔‘‘
