بہترین چیریٹی فروغ علم کے لئے خرچ کرنا ہے:رضوان مرچنٹ

تعلیمی سیمینار میں سہیل کھنڈوانی،ایڈوکیٹ رضوان مرچنٹ ،ایڈوکیٹ اعجاز بخاری اور ڈاکٹر سید خورشید حسین (تصویر معیشت)
تعلیمی سیمینار میں سہیل کھنڈوانی،ایڈوکیٹ رضوان مرچنٹ ،ایڈوکیٹ اعجاز بخاری اور ڈاکٹر سید خورشید حسین (تصویر معیشت)

تعلیمی سیمینار میں سہیل کھنڈوانی،ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر،ایڈوکیٹ اعجاز بخاری ،ڈاکٹر سید خورشید سمیت اہم لوگوں کی شرکت
نمائندہ خصوصی معیشت ڈاٹ اِن
ممبئی (معیشت نیوز) یونائیٹڈ وے چیریٹبل ٹرسٹ کی معاونت اور معیشت میڈیا کے اشتراک سے ممبئی پریس کلب میں منعقدہ تعلیمی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایڈوکیٹ رضوان مرچنٹ نے کہا کہ ’’تعلیم کو فروغ دینا،علم کی شمع روشن کرنا اور ہر گھر میں علم کی جوت جگانا ہی اس دور کابہترین صدقہ ہے ۔اگر آپ کسی کو مالی منفعت پہنچانا چاہتے ہیں تو بہتر ہوگا کہ آپ اسے اس لائق بنا دیں کہ وہ بعد میں زکوۃ لینے والا نہیں بلکہ زکوۃ دینے والا بن جائے۔‘‘ رضوان مرچنٹ نے یونائیٹڈ وے ٹرسٹ کے ساتھ ڈاکٹر سید خورشید حسین سے اپنی وابستگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج مجھے صرف اس لئے یہاں نہیں بلایا گیا ہے کہ میں ڈاکٹر صاحب سے محبت کرتا ہوں بلکہ اس لئے بھی بلایا گیا ہے کہ میں ایک ایڈوکیٹ ہوں اور اللہ رب العزت نے علم کی بنیاد پر عزت عطا کی ہے۔‘‘انہوں نے مختلف حوالوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں تعلیمی لہر جب تک پیدا نہیں کی جائے گی حالات میں بہتری کی امید نہیں کی جاسکتی۔‘‘
یونائیٹڈ وے چیریٹبل ٹرسٹ کی ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کھنڈوانی گروپ آف کمپنیز کے مالک سہیل کھنڈوانی نے کہا کہ ’’شہر میں جو ابھی اچھے کام ہو رہے ہیں میں کوشش کرتا ہوں کہ اس میں شریک رہوں ۔پیر مخدوم علی ماہمی ٹرسٹ بھی اس بات کی کوشش کرتا رہا ہے کہ سماج میں تعلیمی بیداری لائی جائے ۔خوشی ہے کہ اسی ماہم میں یونائیٹڈ وے چیریٹبل ٹرسٹ بھی کام کر رہا ہے اور غریب و نادار طلبہ کے ساتھ ہونہار طلبہ کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے ،میں ٹرسٹ کی خدمات سے نہ صرف آگا ہ ہوں بلکہ اس کو مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی کراتا ہوں‘‘۔
پیپلس ویلفئرٹرسٹ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر نے اپنی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمام ٹرسٹوں کو اگر مرکزی بیت المال کا نظم مل جائے تو میں سمجھتا ہوں کہ ملت کا ایک بڑا کام ہوجائے گا‘‘۔
ٹرسٹ کے چیرمین ڈاکٹر سید خورشید حسین نے ٹرسٹ کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ’’ہم خیال لوگوں نے بیٹھ کر ادارے کی تعمیر و ترقی کا خواب دیکھا تھا اب وہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا چاہتا ہے لیکن اس میں مزید بہتری اسی وقت آسکتی ہے جب آپ لوگوں کا تعاون شامل حال ہو۔‘‘ احادیث و اقوال کی روشنی میں تعلیمی اہمیت کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’علم سیکھنے کے لئے چین تک کا سفر کرنے کی بات کہی گئی ہے جو علم کی اہمیت کو باور کراتا ہے۔ ہمارا ٹرسٹ اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ سماج میں تعلیمی بیداری آئے اور وہ طلبہ جو کسی طور پر پیچھے رہ گئے انہیں قابل بنایا جائے‘‘۔
ٹرسٹ کے وائس چیرمین ایڈوکیٹ اعجاز بخاری نے ٹرسٹ کی تاریخ ،وجوہات اور خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے مستفید ہونے والوں کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج ممبئی کے اہم اداروں میں ہمارے یہاں کے طلبہ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور باعزت طریقے سے روزی کما رہے ہیں‘‘۔
واضح رہے کہ پروگرام کی نظامت معیشت میڈیا کے منیجنگ ڈائرکٹر دانش ریاض نے کہ جبکہ پروگرام کے دوران ہی ٹرسٹ کے بروشر کا اجراء عمل میں آیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *