موجود ہ اقتصادی حالات جی ایس ٹی کیلئے نامناسب : سبرامنیم سوامی

سبرامنیم سوامی

نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے موجودہ اقتصادی حالات کو جی ایس ٹی نافذ کرنے کیلئے نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے میں جی ایس ٹی کو دو سال کے لئے ملتوی کردیا جانا چاہئے ورنہ مودی حکومت کے لئے یہ واٹر لو ثابت ہوگا۔
مسٹر سوامی نے جی ایس ٹی کے سلسلے میں اپنے خیالات ٹوئٹر پر پیش کرتے ہوئے اس سلسلے میں مشہور عالم واٹرلو جنگ کی مثال دی جس میں غیر مفتوح سمجھے جانے والے فرانس کے بادشاہ نیپولین بوناپارٹ کو بالآخر شکست سے دوچارہ ہونا پڑ ا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے بارے میں ایک ماہ پہلے ہی انہوں نے وزیر اعظم کو سولہ صفحات پر مشتمل خط لکھا تھا جس میں معیشت او ر مجموعی گھریلو پیداوار شرح میں گراوٹ کے چھ خطرناک اشاروں کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ان کا یہی ماننا ہے کہ موجودہ اقتصادی صورت حال اور مغربی بنگال کے وزیر خزانہ امت مترا کے ان مشوروں کو مدنظر رکھتے ہوئے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جی ایس ٹی کو فوراً تسلیم کرنا مشکل ہوگا کیوں کہ اس کے سلسلے میں انڈسٹری کی تیاری پوری نہیں ہوسکی ہے اور ضروری نیٹ ورک کا سروس پرووائیڈرس نے پورا تجربہ بھی نہیں کیا ہے، جی ایس ٹی کو جولائی 2019تک کے لئے ملتوی کردیا جانا چاہئے ورنہ یہ حکومت کے لئے واٹر لو ثابت ہوجائے گا۔
جی ایس ٹی کے بارے میں مسٹر سوامی کا یہ تبصرہ جی ڈی پی کے تازہ ترین اعداوشمار کے بعد آیا ہے ۔ ان میں ایسے اشارے دئے گئے ہیں کہ نوٹ بندی کی وجہ سے معیشت کی ترقی کی رفتار سست پڑ ی ہے۔ پرسوں جاری کئے گئے جی ڈی پی اعدادو شمار کے مطابق مارچ 2017میں ختم چوتھی سہ ماہی کے دوران جی ڈی پی کی شرح گھٹ کر 6.1 فیصد رہ گئی جب کہ گذشتہ سال کی اسی مدت کے دوران یہ سات فیصد تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *