حج سبسیڈی میں بتدریج کمی ، آئندہ سال سے بحری جہاز سے بھی سفر حج کا ہوگا انتظام

حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہیں
حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہیں

حیدرآباد: اسپیشل افسرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ عازمین کرام اپنے اس مقدس سفر کے دوران صبر و تحمل کا جتنا زیادہ ہوسکے مظاہرہ کریں اور جلد بازی ‘ بے چینی اور اضطراب کا مظاہرہ نہ کریں‘ کیونکہ لاکھوں حاجیوں کے اجتماع میں کچھ نہ کچھ تکلیف اور دشواری تو ہوتی ہی ہے۔ انہوں نے آج جامع مسجد بی صاحبہ پنجہ گٹہ حیدرآباد میں عازمین حج کے پانچویں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب حج مصارف کی دوسری قسط ادا کرنے کی تاریح کا اعلان ہوچکا ہے اور اس کی رقم کا بھی تعین کردیا گیا ہے اس لئے عازمین کرام جلد سے جلد اپنی رقم ادا کردیں 19جون آخری تاریخ ہے۔
گرین زمرہ کے لئے 1,54,50 روپئے ‘ عزیزیہ زمرہ کے لئے 1,20,800 روپئے اور رباط کے عازمین کو 75,900روپئے ادا کرنا ہے۔ قربانی حج کمیٹی کے ذریعہ دینا چاہتے ہیں تو وہ مزید 8,000روپئے ادا کریں۔ اگر اپنے طور پر قربانی دینا ہے تو پھر یہ پیسے ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے بعد کوئی اور قسط نہیں ہے۔ یہ مرحلہ ہوجانے کے بعد اب صرف چند امور ہی باقی رہ جاتے ہیں جن میں ویکسی نیشن سب سے اہم ہے اور عید کے فوری بعد یہ مرحلہ بھی مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں تربیتی اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں۔ ان اجتماعات کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ عازمین حج و منسک و مسائل ے علاوہ اہم سفری معلومات فراہم کی جاتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق حج سبسیڈی بتدریج کم کی جارہی ہے جس کی وجہ سے فضائی کرایہ میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے اس لئے مرکزی حج کمیٹی آئندہ سال سے بحری جہاز کے ذریعہ بھی روانگی کا انتظام کررہی ہے ۔
حج کمیٹی سے زندگی میں صرف ایک ہی مرتبہ حج کرسکتے ہیں لیکن محرم بن کر دوسری مرتبہ بھی جاسکتے ہیں‘ حیدرآباد میں محرم کے لئے زیادہ رقم ادا کرنا نہیں ہے۔ محرم زمرہ میں خواتین کی قرعہ اندازی بہت جلد ہوگی۔ مولانامفتی امجد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج مقبول کی جزا سوائے جنت کے کچھ اور نہیں ہے۔ حاجیوں کو صبر و تحمل اور قوت برداشت کا مظاہرہ کرناچاہئے۔ رسو ل اللہ نے حاجیوں سے وعدہ کیا ہے کہ حاجی کبھی غریب نہیں ہوتا۔
اس کو ایک ایک ریال خرچ کرنے پر سات سو ریال خرچ کرنے کا ثواب ملے گا خواہ وہ اپنی ذات پر ہی کیوں نہ کرے۔ جو کچھ حاجی صاحب کرتے ہیں انکا ہر عمل اجر والا ہوتا ہے۔ انہوں نے عمرہ اور حج کے ارکان اورمناسک تفصیل کے ساتھ بیان کئے۔ عازمین امن عالم کے لئے اور مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے دعا کرتے رہیں ۔ مولانا مفتی اُسام الدین نے زیارت روضہ نبوی کے آداب بیان کئے ور کہا کہ جب اس سعادت کو حاصل کرنے کے لئے جائیں تو بے انتہا ادب و احترام کا مظاہرہ کریں اور مدینہ منورہ کی کسی بھی چیز میں عیب نہ نکالیں۔ اپنی آواز بلند نہ کریں بلکہ پست آواز میں بات چیت کریں۔
عرفان شریف نے انتظامات کی نگرانی کی۔ اجتماع میں عازمین کی کثیر تعداد شریک تھی خواتین کے لئے علیحدہ انتظامات کئے گئے تھے۔آئندہ اجتماع اتوار کو صبح 10:00بجے تا ایک بجے دن مہک فنکشن ہال چندرائن گٹہ میں منعقد ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *