
امامیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پروگرام میں چالیس اسٹارٹ اَپس کی متوقع شرکت
بہتر نمائندگی کرنے والوں کو انعام سے نوازا جائے گا جبکہ تمام شرکاء کی تجارتی امور میں رہنمائی کی جائے گی
ممبئی(معیشت نیوز) ’’امامیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شہر بنگلور میں منعقد ہونے والے تجارتی اجلاس میں چالیس اسٹارٹ اَپس کی شرکت متوقع ہے جس میں تمام شرکاء اپنے اسٹارٹ اپ کی خصوصیات سے شرکاء کو باخبر کریں گےاور بہترین پرزنٹیشن دینے والے خوش نصیب کو انعام اول کے بطور دس لاکھ،انعام دوم پانچ لاکھ اور انعام سوم کے بطور دو لاکھ روپئے فوری طور پر دئے جائیں گے‘‘۔ان خیالات کا اظہار امامیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید عون صفوی نے پریس اعلامیہ میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے پورے ملک سے اسٹارٹ اپ والوں شرکت کی دعوت دی تھی جن میں چالیس شرکاء کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے یہ تمام چالیس شرکاء پروگرام کے دوران اپنے اسٹارٹ اپ کا تعارف کرائیں گے اور حسن بیان کے ساتھ اسٹارٹ اپ کی ضرورت اہمیت کا جائزہ لیتے ہوئے جج صاحبان فوری طور پر انعامات کا اعلان کریں گے‘‘۔
امامیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کے مطابق’’یہ واضح رہے کہ انعامات پانے والے خوش نصیبوں کے علاوہ تمام چالیس اسٹار ٹ اپ شرکاء کی نہ صرف مکمل رہنمائی کی جائے گی بلکہ چیمبر ان کی مینٹرنگ کی مکمل ذمہ داری سنبھالے گا‘‘۔
واضح رہے کہ اسٹارٹ اپ کے لئے جن لوگوں کو جج کے فرائض ادا کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ان میں ٹورس میچول فنڈ کے سی ای او وقار عباس نقوی،فوکس سافٹ نیٹ کے شریک بانی میر احمد خان،کلاریا کیپٹل کے آشیش دوے،زی میڈیا کے جگدیش چندرا کا نام قابل ذکر ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چند برس قبل قائم ہوا چیمبر جس تیزی کے ساتھ اپنی منزل کی طرف گامزن ہے اس کی مثال کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔گذشتہ برسوں میں بھی چیمبر نے امامیہ کمیونیٹی کے لئے بہتیرے کام کئے ہیں اور اب ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے اسٹارٹ اپ اسپاٹ فنڈنگ کا آغاز کیا ہے۔
بنگلور کے ہوٹل چیری پویلین میں ۲۲ اور ۲۳ جولائی ۲۰۱۷ کو منعقد ہونے والے اس معاشی اجلاس میں جہاں سابق آئی اے ایس آفیسر ضمیر پاشا،آئی اے ایس پی سی جعفر،ڈاکٹر بتول فاطمہ،تنویر سیٹھ،دانش ریاض،پدما شاستری،شہناز ذکی خلیلی،سبیقا رضوی،ڈاکٹر توصیف ملک،ارفاق رضا،رضوان ارشد وغیرہ شرکت کر رہے ہیں وہیں امایہ چیمبر کے ذمہ داران قائم سید،میر ممتاز علی،جامی حسینی،آغا مجاہد حسینی،مبارک نقی،شوکت مرزا،محسن علی وکیل،حسین احمد سمیت اہم ریاستی ذمہ داران بھی شریک ہو رہے ہیں۔