مسلمان زندگی میں ایک بار ہی حج کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد فریضہ حج ادا کرسکیں: سعودی سفیر

نئی دہلی۔ حج کوٹہ اور اس کے تناسب میں موصول ہونے والی درخواستوں کی کثرت کو مد نظر رکھتے ہوئے مسلمانوں کو چاہیے کہ زندگی میں صرف ایک بار حج کی سعادت حاصل کریں تاکہ ایک ہی فرد کے دوبارہ یا باربار حج کرنے کی وجہ سے دوسرے افراد فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم نہ ہو سکیں کیونکہ حج زندگی میں صرف ایک بار فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار سعودی سفیر ڈاکٹر الساطی نے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے پوری دنیا سے حج بیت اللہ کے لیے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ آنے والے عازمین اور حجاج کرام کی ہمہ جہت خدمات کے سلسلے میں حکومت سعودیہ عربیہ کی جانب سے سال بہ سال بہتری اور اضافہ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ اب آئندہ 2018کے حج کا سفر مزید بہتر سے بہتر اور آسان سے آسان تر ہوگا۔ اس کے لیے حکومت سعودی عربیہ تیز رفتار میٹرو ریل کے جس پروجیکٹ پر جنگی پیمانے پر کام کر رہی ہے وہ تقریباً مکمل ہونے والا ہے جس کے بعد مدینہ سے مکہ اور جدہ ہوتے ہوئے دہلی تک کا سفر محض چند گھنٹوں میں پورا کیا جا سکے گا اور حالیہ وقتوں میں حج سے واپسی پر مدینہ یا مکہ تک سڑک کے ذریعے طے کیے جانے والے مشکل سفر سے عازمین حج کو نجات حاصل ہو جائے گی ۔ اس سلسلے میں مکہ سے مدینہ تک کی میٹرو ریل خدمات شروع کی جاچکی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سعودی عربیہ اللہ کے مہمانوں کی خدمات کے لیے وقف ہے اور کوشش ہوتی ہے کہ ہر سال بیرون ممالک کے عازمین کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع دیا جائےاس کے لیے حکومت سعودی عربیہ خود اپنے شہریوں کو آزادانہ طور پر حج کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ سعودی سفیر نے مزید کہا کہ حرمین شریفین میں پچھلے چند برسوں سے جاری توسیع اور تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد اب پہلے کے مقابلے میں عازمین کی کثیر تعداد بیک وقت طواف و زیارت کی سعادت حاصل کر سکتی ہے۔ اس سال عازمین کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں بھی خیموں کے علاوہ دیگر سہولیات میں اضافہ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹیشن کے نظام میں بہتری لائی گئی ہے اور عرفات میں واٹر پروف اور فائر پروف خیمے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر الساطی نے خصوصی طور پر بتایا کہ سمندری سفر سے ادائیگی حج کے لیے آنے والے عازمین کے لیے بندرگاہوں کے توسیعی پروجیکٹ کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام کیا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق خان نے آج دہلی میں واقع سعودی سفارت خانہ میں حکومت سعویہ عربیہ کے سفیر ڈاکٹر سعود الساطی سے ایک خصوصی ملاقات کی اور سال رواں 2017میں حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے صوبۂ دہلی کے عازمین کے لیے بروقت حج ویزا جاری کرنے پر شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقت پر ویزا جاری ہونے کے نتیجے میں دہلی کے عازمین ابتدائی پروازوں سے حج کے مقدس سفر پر روانہ ہو سکے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ دہلی چونکہ ملک کا سب سے بڑا امبارکیشن پوائنٹ ہے اور یہاں سے سب سے زیادہ عازمین روانہ ہوتے ہیں اور اس ناطے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی عازمین حج کو تمام تر خدمات اور سہولیات فراہم کرنے اور حج انتظامات میں اصلاحات اور بہتری لانے کے لیے ہر قسم کے تعاون کی فراہمی کے لیے تیار ہے۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے سینیئر کارکن اورڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی بھی موجود تھے۔