ادارہ معیشت نے کوسہ میں اپنی برانچ آفس کا افتتاح کیا 

جامعۃ الفلاح کے ناظم حضرت مولانا محمد طاہر مدنی خطاب کرتے ہوئے جبکہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے آفیسر ڈاکٹر ناظم قاضی اور تھانے پولیس اسٹیشن کے انچارج رویندر تائڑے کے ساتھ دانش ریاض کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
جامعۃ الفلاح کے ناظم حضرت مولانا محمد طاہر مدنی خطاب کرتے ہوئے جبکہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے آفیسر ڈاکٹر ناظم قاضی اور تھانے پولیس اسٹیشن کے انچارج رویندر تائڑے کے ساتھ دانش ریاض کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ممبرا میں معاشی تعلیم کے لئے معیشت اکیڈمی کے قیام کا اعلان

ممبرا: “ملک میں معاشی تگ ودو کے لئے یوں تو بہت سارے امور انجام دئے جا رہے ہیں لیکن ملک کا مسلمان معاشی میدان میں روزبروز پچھڑتا جا رہا ہے ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں معاشی تعلیم سے ہم آہنگ کیا جائے اور ان کے اندر موجودہ معاشی نظام کو سمجھنے اور سمجھانے کا رجحان پروان چڑھایا جائے ۔” ان خیالات کا اظہار معیشت میڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر دانش ریاض نے ضلع تھانے کے شہر کوسہ ممبرا میں معیشت کی برانچ آفس کی افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے ضلع اعظم گڈھ سے بطور مہمان خصوصی تشریف لائے جامعۃ الفلاح کے ناظم اعلیٰ حضرت مولانا محمد طاہر مدنی نے اپنے خصوصی خطاب میں جہاں ادارہ معیشت کی گوناگوں خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے دانش ریاض کی خدمات کا تعارف کرایا وہیں انہوں نے کہا کہ “اسلام میں کہیں بھی مال و دولت کے حصول کی نکیر نہیں ملے گی البتہ غرر اور دھوکہ دینے والوں کے لئے ضرور یہ کہا گیا ہے کہ وہ ہم میں سے نہیں ” انہوں نے ملک میں جاری معاشی مندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “اس وقت جبکہ تجارتی برادری کسمپرسی کا شکار ہے معاشی میدان میں تگ ودو دوچند ہوجاتی ہے ۔مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ ہمارے ادارے کا ایک فارغ معاشی میدان میں اپنا لوہا منوا رہا ہے اور نہ صرف ملک میں اپنی علحدہ شناخت رکھتا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی پہچان بنانے کی کوشش کر رہا ہے ۔”
انہوں نے کہا کہ “میں  ادارہ معیشت کی سرگرمیوں سے واقفیت رکھتا ہوں اور وقتاً فوقتاً جو پروگرام ہوتے رہے ہیں اس سے آگاہ رہا ہوں۔میگزین، نیوز پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعہ معاشی خبروں کی تشہیر کا جو کام انجام پارہا ہے وہ نہ صرف لائق تحسین ہے بلکہ لائق تقلید بھی ہے کہ اس جیسے ادارے اور بھی ہونے چاہئیں۔”
 ممبراپولیس اسٹیشن کے انچارج رویندر تائڑے  خطاب کرتے ہوئے جبکہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے آفیسر ڈاکٹر ناظم قاضی ،مولانا محمد طاہر مدنی کے ساتھ دانش ریاض کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ممبراپولیس اسٹیشن کے انچارج رویندر تائڑے خطاب کرتے ہوئے جبکہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے آفیسر ڈاکٹر ناظم قاضی ،مولانا محمد طاہر مدنی کے ساتھ دانش ریاض کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
تھانے میونسپل کارپوریشن کے سینئر آفیسر ڈاکٹر ناظم قاضی نے معیشت میڈیا کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ” ادارے کے قیام سے ہی میں اس سے جڑا رہا ہوں جبکہ دانش ریاض کا ایک دوسرا ادارہ وہائٹ پیپر پبلی کیشنز  کی جانب سے میرے والد مرحوم سحر بلڈانوی کی کتاب” ندائے سحر “منظر عام پر آئی ہے.” انہوں نے کہا کہ “معیشت نے تجارتی برادری کو جس طرح جوڑا ہے یہ مثال کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے ۔عموماً یہ دیکھا جاتا ہے کہ میڈیا کے ادارے مختلف حوالوں سے نیک نام نہیں ہوتے لیکن معیشت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے نہ صرف اپنی عزت و وقار کو قائم رکھا ہے بلکہ معاشرے میں سنجیدہ ادارے کے طور پر اپنی پہچان بنا چکا ہے اور یہاں شائع ہونے والے مضامین انتہائی سنجیدگی سے پڑھے جاتے ہیں ۔”
ممبرا پولس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر اور علاقے کے انچارج رویندر تائڑے نے معیشت کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے دانش ریاض کے بارے میں کہا کہ “انہوں نے علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے جو کام کیے ہیں وہ نہ صرف لائق تحسین ہیں بلکہ دوسروں کے لئے مثال بھی ہے میں امید کرتا ہوں کہ دوسری سوسائٹیاں بھی اپنے یہاں بہتر ادارے قائم کریں گی۔ ممبرا کو نیک نام بنانے میں جب تک تمام لوگوں کا تعاون شامل نہیں ہوگا اس وقت تک علاقے کی ترقی ممکن نہیں ہے۔مجھے خوشی ہوتی ہے جب اس طرح کے اکیڈمک کام کو دیکھتا ہوں اور نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے تعلق سے فکرمند پاتا ہوں ۔” رویندر تائڑے نے کہا کہ ” ممبرا کا نوجوان اگر تعلیم وتجارت میں لگ جائے تو وہ دن دور نہیں کہ علاقے کا نام روشن ہو بلکہ لوگ یہاں آباد ہونے میں خوشی محسوس کر سکیں “
واضح رہے کہ اس دوران دانش ریاض نے معیشت اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ انشاءاللہ ممبرا میں بزنس اسکول، بزنس کلاسیز شروع کیے جائیں گے اور بچوں کی رہنمائی کا کام کیا جائے گا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *