عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر ہندو مسلم اتحاد کا شاندار مظاہرہ
ممبئی۔۳؍دسمبر: (نمائندہ خصوصی) گزشتہ 25؍برسوں سے ایکتا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر جناب اقبال میمن آفیسر عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر محمد علی روڈ پر پٹیل ریسٹورنٹ کے قریب ایک شاندار اسٹیج پرجلوس اور قائد جلوس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ایکتا ویلفیئر سوسائٹی کے ممبران میں ہندو، مسلم، جین اور دیگر تمام مذاہب وملت کے معزز حضرات شامل ہیں جو ہمیشہ باہمی اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ ایکتا ویلفیئر کی 25سالہ روایت رہی ہے کہ ہر سال گریٹر ممبئی کے موجودہ پولس کمشنر اور دیگر اعلیٰ پولس افسران اسٹیج پر تشریف لاکر جلوس اور قائد جلوس کا استقبال کرتے ہیں اور اپنی تقریر میں محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے اور باہمی اتحادوبھائی چارگی کی تلقین کرتے ہیں۔ اس موقع پر ایکتا ویلفیئر کی جانب سے پولس کمشنر اور دیگر مہمانان کرام کے ہاتھوں شہر کے معزز اور اہم شخصیات کو ایکتا ایوارڈ سے سرفراز کیاگیا اور دارالیتٰمیٰ کے یتیم بچوں کی پولس کمشنر کے ہاتھوں شال پوشی کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ ساتھ ہی میمن ٹائمز کے خصوصی شمارہ ’’عیدمیلادالنبی ﷺ نمبر‘‘ کا اجرا کیاگیا۔ بائیکلہ خلافت ہائوس سے نکلنے والا عیدمیلادالنبیﷺ کا عظیم الشان جلوس شہر کے مختلف شاہراہوں سے گزرتا ہوں جیسے ہی محمد علی روڈ پر منعقد ایکتا ویلفیئر کے اسٹیج کے پاس پہنچا وہاں پر موجود فرزندان توحید کے جم غفیر نے نعرہ تکبیر اورنعرہ رسالت کے فلک شگاف نعروں سے قائد جلوس کا خیر مقدم کیا۔ تمام قائدین جلوس اسٹیج پر تشریف لائے ان میں سرفراز آرزو، شاکر باٹلی والا،ناصر پٹھان،نظام الدین راعین، طاھر اشرفی، ڈاکٹر پاٹنکر،شکیل باٹلی والا، پولس کمشنر، اڈیشنل پولس کمشنر دیوین بھارتی،اے سی پی اڈیشنل،ڈی سی پی منوج شرما،حسین اگھاڑی وغیرہ موجود تھے۔ اسموقع پر ایکتا کے صدر اقبال میمن آفیسر نے کہا کہ ایکتا ویلفیر کے قیام کا مقصد ہی یہیہے کہ تمام مذہب و ملت کے اندر باہمی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیاجائے۔اس موقع پر پولس کمشنر کے ہاتھوں جن اہم شخصیات کو ایکتا ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ان میں شری گنپت کوٹھاری،شاکر باٹلی والا،وینیش مہتا،شانتی لال جوشی،دھن راج جین، حسین اگھاڑی،نظام الدین راعین،ڈاکٹر ایم اے پاٹنکر،مفتی سالم غوث،عمران علوی وغیرہ شامل تھے۔